راجوری//نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کررہے ملازمین نے اپنااحتجاج تیسرے روز بھی جاری رکھاجبکہ ملازمین نے ہڑتال میں اڑتالیس گھنٹے کیلئے توسیع کردی ہے ۔این ایچ ای ملازمین نے سی ایم او دفتر اور بلاک دفاتر کے باہر دھرنا تیسرے روز بھی جاری رکھا۔مظاہرین کاکہناتھاکہ انہوںنے پچھلے دوروز سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری رکھاہواہے لیکن حکام کو اس پر ٹس سے مس نہیں اور نہ ہی ان کی مانگیں پوری کرنے کیلئے کوئی پیشرفت کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی غیر سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے انہوںنے اس بات کافیصلہ لیاہے کہ ہڑتال میں اگلے اڑتالیس گھنٹوں تک توسیع کی جائے گی ۔اس دوران مقررین نے کہاکہ وہ مطالبات پورے ہونے تک یہ ہڑتال پورے جوش و جذبے سے جاری رکھیںگے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے ان کے جائز مطالبات کو نظرانداز کیاجارہاہے اور انہیں ان کے حقو ق سے محروم رکھاجارہاہے ۔ انہوںنے مانگ کی کہ مستقل ملازمت کے ساتھ ساتھ کام کے برابر اجرت دی جائے اور سوشل سیکورٹی سکیموں کافائدہ دیاجائے ۔دریں ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے ضلع میں طبی نظام پر بری طرح سے اثر پڑا۔