سرینگر//نیشنل کانفرنس ،پردیش کانگریس اورسول سوسائٹی بڈگام نے برزلہ میں ہڈیوں اور جوڑوں کے اسپتال کے آگ کی بھیانک واردات میں خاکستر ہونے پرصدمے اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے اسپتالوں میں فائرسیفٹی آڈٹ کا مطالبہ کیا۔ نیشنل کانفرنس نے ہڈیوں اور جوڑوں کے واحد اور کلیدی ہسپتال کے آگ کی بھیانک واردات میں خاکستر ہونے پر زبردست صدمے اور افسوس کا اظہار کیاہے۔ پارٹی کے اراکین پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ، اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ برزلہ ہسپتال کے اس طرح خاکستر ہونے سے جموں وکشمیرکے شعبہ صحت کو ایک بہت بڑا دھچکالگا ہے۔ انہوںنے مقامی لوگوں ،فائرسروس، انتظامیہ اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوںنے اپنی جان خطرے میں ڈال کر تمام مریضوں کو بحفاظت باہر نکالا اور دوسرے ہسپتالوںمیں منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہڈیوں اور جوڑوں کا واحد ہسپتال ہونے کی وجہ سے نہ صرف پوری وادی بلکہ لداخ، کرگل، خطہ چناب ، پیرپنچال یہاں تک کہ جموں سے بھی لوگ علاج و معالجہ کیلئے یہاں آتے تھے۔اس ہسپتال میں مریضوں کیلئے تمام سہولیات میسر رہا کرتی تھی یہاں بڑی بڑی جراحیاں روز کا معمول ہوا کرتی تھیں۔ اراکین پارلیمان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہڈیوں اور جوڑوں کے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے عارضی انتظام جنگی بنیادوں پر کریں اور ہسپتال کی مرکزی حیثیت مدنظر رکھتے ہوئے عارضی انتظام ہسپتال کے آس پاس ہی کیا جائے ۔ پارٹی لیڈران نے ساتھ مطالبہ کیا کہ آگ کی واردات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات عمل میں لائی جائے اور ساتھ ہی اولین فرصت تمام ہسپتالوں کا فائر آڈٹ میں کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ گذشتہ دنوں اننت ناگ کے ہسپتال میں بھی ایک حادثے میں کئی افراد زخمی ہوگئے اور ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ اراکین پارلیمان نے کہا کہ جموں وکشمیر کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں کا فائر آڈٹ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔پردیش کانگریس کے صدرغلام احمدمیرنے بھی برزلہ اسپتال کے آگ کی واردات میںخاکستر ہونے پرمایوسی کااظہار کیااور اِسے سماج کیلئے ایک بہت بڑے نقصان سے تعبیر کیا۔میرنے مقامی لوگوں ،رضاکاروں اوراسپتال عملے کی اس واردات کے دوران مریضوں کی جان بچانے کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پرپہنچانے کیلئے سراہنا کی اورحکومت پرزوردیا کہ وہ آگ سے راکھ ہوئے اسپتال کی سرنو تعمیرکیلئے فوری اقدام کریں۔سول سوسائٹی بڈگام نے بھی بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ میں آتشزدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سوساٹی کے ارکان نے کروڑوں روپے سے تعمیر کئے گئے سماج کیلئے انتہا اہم ادارے میں آگ کی واردات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوسائٹی کے کنونیئر بشیر احمد ڈار نے اس واقعے پر افسوس جتلاتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل رعناواری ہسپتال میں آگ کی واردات انتظامیہ کیلئے چشم کشا ہونی چاہیے تھی اور انتظامیہ کو فوری طور تمام ہسپتالوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرنا چاہیے تھا لیکن وہ خواب خرگوش میں محو رہے۔عوامی آواز پارٹی نے ہڈیوں اور جوڑوں کے ہسپتال میں لگی آگ سے ہوئے نقصان پر سخت افسوس کااظہار کیا ہے ۔ پارٹی بیان میں بتایا گیا ہے کہ عوامی آوازپارٹی اپنے صدر سہیل احمد خان کی قیادت میں اپنے کارکنوں کے ساتھ راحت اور بچائو کی کوششوں میں مدد کے لیے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔پارٹی کے لیڈران اور کارکنان نے ہسپتال عملہ، فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں، این جی اوز کے ساتھ ساتھ پولیس اور انتظامیہ نے اپنا کام بخوبی نبھایا اور مقامی لوگوں نے خاص طور پر فوری ردعمل کا اظہار کیا اور ہسپتال میں داخل مریضوں کو بروقت ہسپتال سے باہر نکالنے میں معاونت کی ۔ عوامی آواز نے امید ظاہر کی کہ ہسپتال کی فوری تجدید و مرمت اور بحالی کیلئے سرکار فوری طور پر اقدامات کرے گی ۔