عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اونتی پورہ پولیس نے ہٹ اینڈ رن کیس حل کرکے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق یہ معاملہ 17 جولائی 2025 کا ہے، جب لیتہ پورہ میں ایک حادثے کی اطلاع ملی تھی۔ نامعلوم گاڑی نے ایک راہگیر کو ٹکر مار دی جس کی شناخت حبیب اللہ بیگ ولد محمد سلطان بیگ ساکن لیتہ پورہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی کو پہلے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد میں اسے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔انہوں نے کہا کہ پولیس تھانہ اونتی پورہ نے ایف آئی آر نمبر 161/2025کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔ ایس ایچ او انسپکٹر اعجاز حمد اور پی ایس آئی دلبیر سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم نے ملزم کا پتہ لگانے کیلئے کیس کی انتھک پیروی کی۔بھرپور کوششوں کے بعد ڈرائیور کی شناخت کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کا نام راج کمار، ولد کرشن چند، جموں کے سانبہ ضلع کے مووا کے رہنے والے بتایا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر JK12F-4537کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم فی الحال پولیس اسٹیشن اونتی پورہ کی تحویل میں ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔