سرینگر//ہوم شالی بُگ سے تعلق رکھنے والے افرادپر مشتمل ایک وفد نے پیر کو سابق ممبراسمبلی عبدالغفار صوفی کی قیادت میں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری سے ملاقات کی۔ وفد نے علاقہ میں تعلیمی شعبۂ کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے وزیر کو اس علاقہ کے طُلاب کو درپیش مسائل کے بارے میںآگاہ کیا۔انہوں نے وزیر کو جانکاری دی کہ علاقہ کے32 دیہات میں ایک ہائیر سکینڈری سکول بھی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے علاقہ میں ایک ہائی سکول کو بڑھاوا دے کر اسے ہائیر سکینڈری سکول بنانے کا معاملہ سامنے رکھا تا کہ طُلباء کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وفد نے2014 میں سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوئی سکول عمارتوں کی مرمت کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے مختلف سکولوں میں کھیل کے میدانوں کو بڑھاوا دینے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔سید الطاف بخاری نے وفد کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ انہوں نے علاقہ کے سکولوں میں ہیڈ ماسٹروں کی خالی پڑی اسامیوں کو جلد پُر کرنے کی بھی ہدایات دیں۔پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون، سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ اور ناظم تعلیم جی این اتو بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔