محتشم احتشام
پونچھ// ہورمی ڈھکی مدانہ سے سائیں عطر شاہ المعروف متو صاحب کی زیارتِ عالیہ تک جانے والی چار کلو میٹر طویل سڑک عرصہ دراز سے انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث زائرین اور مقامی آبادی سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ سالانہ عرس کے دوران ہزاروں عقیدت مندوں نے زیارت پر حاضری دی، مگر خراب راستے کی وجہ سے آمدورفت بری طرح متاثر رہی۔ گدی نشین زیارتِ عالیہ مظفر حسین شاہ نے اس صورتِ حال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی بے توجہی کو حد درجہ مایوس کن قرار دیا ہے۔مظفر حسین شاہ کے مطابق پچھلے عرصی کے دوران مختلف وفود نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ سے مسلسل رابطہ کیا اور عرس کے دوران بھی بارہا تحریری و زبانی گزارش کی گئی کہ زائرین کی سہولت کے لئے اس سڑک کی فوری مرمت یا تعمیر کروائی جائے، لیکن ’افسوس کہ تمام وفود کی درخواستوں کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ زیارتِ عالیہ تک یہی واحد راستہ ہے، اور اس کی برباد حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ انتظامیہ نے اس اہم مذہبی مقام کو مکمل طور پر نظرانداز کر رکھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ راستے میں جگہ جگہ گہرے گڑھے، ٹوٹا ہوا راستہ اور کیچڑ کی وجہ سے گاڑیاں اکثر پھنس جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات زائرین کو پیدل چل کر زیارت تک پہنچنا پڑتا ہے، جو ان کے لئے باعثِ تکلیف بھی ہے اور باعثِ تشویش بھی مظفر حسین شاہ نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زیارتِ عالیہ پونچھ کی مذہبی وراثت کا اہم مرکز ہے، اس لئے سڑک کی تعمیر میں مزید تاخیر زائرین کے لیے مشکلات اور علاقے کے لیے بدنامی کا سبب بنے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ سڑک کی مرمت کو ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ آئندہ آنے والے زائرین کو کسی طرح کی رکاوٹ یا مشقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔