سرینگر//ریاستی حکومت نے فضائی کمپنیوں کو ہدایات دیں کہ وہ فوری طور پر درمیانہ داروں کو یک مشت ٹکٹوں کی فروخت فوری طور بند کرے۔فضائی کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ انکے خلاف صارفین کے حقوق کی پاسداری قانون کے دائرے میں قانونی کارروائی کی جائیگی اگر انہوں نے سرینگر آنے اور جانے کیلئے ایک ہی وقت قیمتیں مقرر نہیں کیں۔فضائی کرائیوں میںحد درجہ اضافہ کا معاملے ریاستی گورنر کی طرف سے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے ساتھ اٹھانے کے بعد گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سرینگر سے چلنے والی مختلف فضائی کمپنیوں کے منیجروں سے مفصل تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے دوران فضائی کمپنیوں کے ان منیجروں سے سرینگر سے آنے جانے کیلئے ہوئی کرائیوں میں بے تحاشہ اضافہ کا معاملہ زیر بحث لایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحتی شعبے سے تعلق رکھنے والے فریقین کی موجودگی میں خورشید احمد گنائی نے فضائی کمپنیوں کو درمیانہ داروں کویک مشت ٹکٹوں کی فروخت کو فوری طور بند کرنے کی ہدایت دی،جو کہ مبینہ طور پر اس سہولیات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں،اور مجبور مسافروں کو ان ٹکٹوں کو حد درجہ اضافی قیمتوں پر فروخت کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں ڈائریکٹر سیاحت کشمیر کے علاوہ ضلع صارفین فورم کے صدر اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں موجود ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گورنر کے مشیر نے فضائی کمپنیوں کے منیجروں کو ہدایت دی کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ سیلز شعبے کے ساتھ اٹھائے،اور ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے معقول و مناسب قیمتوں پر ہوائی ٹکٹوں کو دستیاب رکھے۔ذرائع نے مزید کہا کہ میٹنگ کے دوران گورنر کے مشیر نے فضائی کمپنیوں کے منیجروں کو اطلاع دی کہ شاہراہ کے بند ہونے اور نامساعد موسمی صورتحال کے دوران ہوائی اڑانوں کے منسوخ ہونے کے وقت ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کی روایت کو ختم کیا جائے،کیونکہ یہ روایت صارفین و مسافروں کے ساتھ استحصال ہے،جو کہ متعلقہ قوانین، جو کہ صارفین کے تحفظ کیلئے ہیں،کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے فضائی کمپنیوں کو متنبہ کیا کہ مسافروں کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز ریاستی گورنر ایس پی ملک نے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیر اعظم کو موسم سرما کے دوران ہوائی کرائیوں میں اضافے کا معاملہ نوٹس میں لاتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ دہلی پہنچتے ہی نریندر مودی اس معاملے کو حل کریں گے۔انہوں نے کہا’’ سردیوں میں فضائی کرایہ28ہزار روپے تک پہنچ جاتا ہے،جبکہ دبئی تک کرایہ صرف24 ہزار روپے ہیں۔‘‘گورنر کا کہنا تھا کہ سرما کے دوران وادی کشمیر میں نوجوان طلبہ کا کافی ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا’’اس سے بڑی نا ناصافی کیا ہوسکتی ہے ؟سیاحت میں کس طرح اضافہ ہوگا،کس طرح ترقی ہوگی۔