ایک اہم پیشرفت کے طور پر حکومت ہند نے راجوری کے لوگوں کی دیرینہ مانگ کوپورا کرتے ہوئے راجوری ۔جموں ہوائی سروس کو ہری جھنڈی دکھائیہے تاہم حکومت نے اس ہوائی سروس کو سرحدی ضلع پونچھ سے نہ جوڑ کر اس ضلع کے لوگوں کو ناراض کردیاہے ۔راجوری سے ہوائی سروس شروع کرنے کا مسئلہ کئی برسوںسے مرکز کے پاس زیر التوا تھا، جس کو تین روز قبل حکومت نے منظوری دے کر اس سلسلے میں پیغام ضلع انتظامیہ راجوری کو بھی بھیج دیاہے ۔جہاں اس فیصلے کا ہر سطح پر خیر مقدم کیاجارہاہے وہیں سرحدی ضلع پونچھ کے لوگ اس بات پر ناراض ہیں کہ انہیں ہوائی سروس کافائدہ نہیں دیاگیا جبکہ سب سے زیادہ مستحق وہی تھے ۔واضح رہے کہ حالیہ بجٹ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان کیاتھاکہ حکومت دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رسل و رسائل کے روابط آسان بنانے کیلئے ہوائی سروس شروع کرنے جارہی ہے، جس کے بعد پہلے گریز وکشتواڑ اور اب راجوری کیلئے ہوائی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔تاہم حیران کن طور پر ضلع پونچھ جو خطہ پیر پنچال کا سب سے دور دراز علاقہ ہے ، کو اس سروس میں شامل نہیں رکھاگیا اور یہی وجہ ہے کہ پونچھ کے لوگ اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھی سخت ناراض ہیں کہ اس سرحدی ضلع کو حکومت نے نظرانداز کردیاہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجوری سے جموں تک کا زمینی سفر 150کلو میٹر پر مشتمل ہے جس کو طے کرنے کیلئے لگ بھگ چار گھنٹے لگ جاتے ہیں جبکہ پونچھ سے جموں تک کی مسافت 235کلو میٹر ہے جسے طے کرنے میں 7سے 8گھنٹے لگتے ہیں اورر اجوری سے پونچھ تک سڑک کی حالت بھی اتنی اچھی نہیں ہے ۔پونچھ کے لوگوں کی اس قدر طویل اور تھکادینے والی مسافت کو دیکھتے ہوئے حکومت کو اس ضلع کیلئے بھی ہوائی سروس شروع کرنے کافیصلہ لیناچاہئے تھا، تاہم فی الوقت اس نے ایسا نہیں کیا ۔اس سفرکو طے کرنے کے دوران تندرست و توانا شخص بھی تھکاوٹ محسوس کرنے لگتاہے اور خاص کر بیمار اور زخمیوں کو جموں منتقل کرنے میں سخت مشکلات کاسامنا رہتاہے اور ماضی میں کئی ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں جب بیماروں کی دوران سفر ہی موت واقع ہوئی۔امید کی جانی چاہئے کہ جس طرح سے حکومت نے راجوری سے جموں ہوائی سروس کا آغاز کیاہے اسی طرح سے پونچھ ضلع کے لوگوں کو بھی اس طرح کی خدمات کافائدہ پہنچایاجائے گا۔ساتھ ہی ہوائی سروس کا کرایہ بھی معقول رکھاجاناچاہئے اور اس بات کو یقینی بنایاجاناچاہئے کہ عام لوگ بھی بذریعہ ہوائی جہاز آسانی سے جموں کا سفر کرسکیں ۔فی الوقت راجوری ہوائی سروس کے حوالے سے جواطلاعات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق ضلع راجوری سے جموں تک سروس ہفتے میں دو دن یعنی سوموار اور سنیچر کو چلے گی اور اس کیلئے 2ہزار روپے کرایہ مقرر کیاگیاہے ۔اگر حکومت حقیقت میں دور دراز علاقوں کو رسل و رسائل کے مواقع فراہم کرناچاہتی ہے تو پھر اس کرایہ کو کم کیاجائے اور سروس روزانہ کی بنیاد پر فراہم کی جائے ۔