ریاسی//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے تکنیکی تعلیم کو روزگار اور نوکری حاصل کرنے کے مواقعوں کے اعتبار سے نوجوانوں کے لئے مستقبل کی اُمید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ریاست بھر میں ہنر مندی کو بڑھاوادینے کے اداروں کا ایک جال قائم کررہی ہے تاکہ آنے والے وقتوں میں ریاست کے نوجوان روزگار حاصل کرنے کے اہل بن سکیں۔ریاسی میںایک پالی ٹیکنیک کالج کا افتتاح کرنے کے بعد ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ نے کہا کہ سیاحت اور ہنرمندی کو فروغ دینے کی اقتصادیات کے دو ایسے شعبے ہیں جن میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے ان کی حکومت تکنیکی تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ریاست بھر میں آئی ٹی آئی اداروں اور پالی ٹیکنیک کالجوں کا ایک جال بچھایاجارہا ہے تاکہ آنے و الے وقتوںکے لئے ہنر مند افراد تیار کئے جاسکیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ اب جب کہ ریاست میں ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچے کا ایک انقلاب برپا ہو رہا ہے لہٰذا پروجیکٹوں کے شرو ع ہوتے ہی تکنیکی طور مستحکم اُمید واروں کی مانگ بڑھ جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ان پالی ٹیکنیک کالجوں سے تربیت پانے والے نوجوانوں کو بیرون ریاست بھی اچھی خاصی نوکری حاصل ہوگی کیونکہ ملک کے دیگر علاقوںمیں بھی ہنر مند افرادی قوت کی مانگ میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔اس موقعہ پر وزیرا علیٰ نے پالی ٹیکنیک کالج کے مختلف شعبوںکا معائینہ کیا اور وہاں فیکلٹی ممبران کے ساتھ استفسار کیا ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ پولی ٹیکنیک کالج 16لیبارٹریاں ، 4ورکشاپ اور 2 ڈرائینگ ہال موجود ہے۔ اس کالج میں 120 طلاب کی گنجائش موجود ہے اور اسے 12کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے آن لائن نظام کے ذریعے کٹھوعہ اور سانبہ میں اسی نوعیت کے پالی ٹیکینک کالجوں کا بھی افتتاح کیا۔ اُنہوں نے اسی نظام کے ذریعے سے ڈوڈہ ، کشتواڑ اور اُدھمپور میں پالی ٹیکنیک کالجوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔محبوبہ مفتی نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں اور مقامی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے ان پر زور دیا کہ وہ ان کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں مقامی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے خاص طور سے مذہبی سیاحت کے کافی وسائل موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کٹرہ تک ریل لائن آنے اور بعد میں اسے بانہال کے ساتھ جوڑنے سے یہاں کی سیاحتی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہوگا اور اس طرح مقامی اقتصادیات کو بھی کافی حد تک فروغ حاصل ہوگا۔مقامی لوگوں کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کے تناظر میں وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ جگہ ان کے لئے کوئی نئی نہیں ہے اور اس علاقے کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات سے پوری طرح باخبر ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ قصبے میں پرانے ہسپتال کو جدید مشینری اور معیاری افرادی قوت سے لیس کیا جائے گاتاکہ لوگوں تک اس کا بھر پور فائدہ پہنچ سکیں ۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ مقامی سلب پارک کو جدید خطو ط پر اُستوار کیا جائے گااور اس کے بہتر رکھ رکھا ئو کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس سے پہلے وزیر اعلیٰ نے ریاسی میں ایک انڈور سٹیدیم کابھی سنگ بنیاد رکھا ۔