سرینگر//حریت (ع) نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کے نتیجے میں مال و جان کے زیاں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ مخاصمانہ رویوں کو ترک کرکے مسئلہ کشمیر سمیت جملہ حل طلب مسائل کو حل کرنے کیلئے افہام و تفہیم سے کام لیں۔حریت ترجمان نے سرحدوں پربھارتی فائرنگ کے نتیجے میں سیالکوٹ سیکٹر میں 6 عام شہریوں کے جاں بحق اور دو درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کا خمیازہ سرحدوں پر بس رہے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ترجمان نے موجودہ سرحدی کشیدگی کو ہر لحاظ سے تشویشناک صورتحال قرا ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور مخاصمت کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور اس مسئلے کی وجہ سے ہی دونوں ہمسایہ ممالک گزشتہ سات دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ باہم نبرد آزماہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ایک طرف آئے روز نہتے کشمیری عوام کی جانوں کے زیاں کا سبب بن رہا ہے اور دوسرے طرف اس خطے کی دو جوہری مملکتیں اس مسئلے کے وجہ سے ہی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہیں۔
اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام مہدی عاطف دوران قید انتقال کر گئے