سری نگر//راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے جواب میں وزیر مملکت خارجہ وی کے سنگھ نے حالیہ پاک بھارت سفارتی تعلقات میں بدمزگی ہونے پر بولتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے گزشتہ ہفتہ کو مل بیٹھ کر سفارتی سطح پر پیدا مسائل کو احسن طریقے سے سلجھانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیرمملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ نے راجیہ سبھا میں ممبران کو حالیہ سفارتی سطح پر تعلقات میں تلخی پیدا ہونے اور بعد میں دونوں ممالک سے وابستہ سفیروں کو اپنے اپنے ملک واپس بلانے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک سے وابستہ حکام اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ سفارتی سطح پر پیدا ہوئی تلخیوں کو دور کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 30مارچ 2018کو دونوں ممالک سے وابستہ حکام کی ایک میٹنگ میں طے پایا کہ 1992میں طے پائے گئے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو احسن طریقے پر سلجھایا جائے گا۔ معاہدے میں یہ بات درج ہے کہ دونوں ممالک سے وابستہ سفیر وں کو عالمی قوانین میں درج حقوق کے تحت بلارکاوٹ اپنے اپنے متعلقہ اُمور انجام دینے کی اجازت دی گئی ہے اور کسی بھی طور سفارت کاروں کے حقوق کو پامال نہیں کیا جائے گا۔معاہدے کے مطابق سفارت کاروں کے اندرونی معاملات میں جارحیت کا حق کسی کو بھی نہیں پہنچتا ہے جس میں جسمانی یا زبانی تشدد اور فون رابطوں کا انقطاع شامل ہیں۔وی کے سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت نے وقتاً فوقتاً سفارت کاروں کی ہراسانی، ان پر کڑی نگاہ اور دھمکی دینے جیسے معاملات کو سنجیدگی سے اُٹھاتے ہوئے ان پر کڑی روک لگانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان پر زور دیا گیا کہ وہ ہندوستانی مشن سے وابستہ سفارت کاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے اورپیدا شدہ مسائل کو احسن طریقے اورباہمی بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ واضح رہے گزشتہ مہینے ہندوستان نے پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان میں مقیم ہندوستانی مشن سے وابستہ اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے اور انہیں غیر ضروری طور ہراساں کرنے سے پرہیز کریں۔وزیر نے اس موقعہ پر ہند چین تعلقات پر بولتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور بیجنگ دوطرفہ بات چیت کو بروئے کار لاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد اور اتحاد کے حوالے سے کام کررہی ہے اوردونوں ممالک میں رابطوں کو ہر سطح پر بڑھاوا دے کر باہمی اعتماد کی فضا پر پروان چڑھانے میں کوشاں ہے۔