یواین آئی
نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہند چین سرحد پر مستقل امن اور خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے زیر التوا پیچیدہ مسائل کو خاکہ بند طریقہ کار کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں جمعرات کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کی میٹنگ کے موقع پر چین کے وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جون کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں راجناتھ سنگھ نے باہمی متفقہ میکانزم کو دوبارہ فعال کر کے سرحدی تنازعات کے مستقل حل پر زور دیا۔وزارت دفاع نے جمعہ کو ایک بیان جاری کر کے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ہندچین سرحد پر امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر گہرائی سے بات چیت کی۔ راجناتھ سنگھ نے دو طرفہ تعلقات میں معمول کو بحال کرنے کے واسطے دونوں طرف سے کئے جانے والے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مستقل رابطہ برقرار رکھنے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے خاکہ بندطریقہ کار کے ذریعے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر دفاع نے باہمی تال میل بڑھا کر براعظم ایشیا اور دنیا بھر میں مشترکہ فائدے اور استحکام کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ راجناتھ سنگھ نے 2020 کے سرحدی تعطل کے بعد پیدا ہونے والے عدم اعتماد کو دور کرنے کے لیے زمینی سطح پر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔دونوں وزراء نے موجودہ میکانزم کے ذریعے فوجیوں کو پیچھے ہٹانے، کشیدگی میں کمی، سرحدی نظم اور حتمی حد بندی سے متعلق مسائل پر پیش رفت کے لیے مختلف سطحوں پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے اہم سنگ میل کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے پانچ سال کے وقفے کے بعد کیلاش مانسروور یاترا کے دوبارہ شروع ہونے کی بھی ستائش کی۔وزیر دفاع نے چینی وزیر دفاع کو پہلگام، جموں و کشمیر میں معصوم شہریوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور ہندوستان کے آپریشن سندور کے بارے میں بھی بتایا۔