پونچھ//ریاستی وزیر برائے محکمہ امور صارفین و عوام تقسیم کاری چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ ریاست کی تعمیر و ترقی ہندو پاک کے درمیان موجودہ کشیدگی کی وجہ سے سخت متاثر ہو رہی ہے۔ ڈاک بنگلہ پونچھ میں ضلع افسران کی جائزہ میٹنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار جموں و کشمیر کو ترقی کی اونچائیوں پر لے جانا چاہتی لیکن ریاست کے اندورنی حالات اور سرحدوں کی کشیدگی کی وجہ سے یہ کام متاثر ہواہے ۔ ان کاکہناتھا کہ جس طرح مرحوم مفتی محمد سعید نے ہمیشہ خطہ پیر پنچال کی تعمیر وترقی کے دروازے کھولے اوراسی طرح وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھی اس خطہ کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کی ترقی سرکار کی ترجیحات میں شامل ہے۔میٹنگ میں ممبر قانون ساز اسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے اور ممبر قانون ساز اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم بھی موجودتھے ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک نے ضلع میں مختلف محکمہ جات کی جانب سے مرکزی اور ریاستی سرکار کی سکیموں کے تحت ہورہے تعمیراتی کاموں کا مختصر خاکہ پیش کیا۔ نامکمل پروجیکٹوں کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پچیس سال قبل منڈی پھاگلہ سڑک کا کا م شروع کیا گیا تھا جو اب تک مکمل نہیں ہو پایا۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے انتظامیہ کو7کروڑ روپے درکار ہیں،اگر فی الحال 2کروڑ روپے فراہم کئے جائیں تو وہ اس سڑک پر ٹریفک چلائی جاسکتی ہے جس کا فائدہ تحصیل منڈی اور تحصیل سرنکوٹ کی عوام کو توہو گا ہی لیکن ساتھ ہی 18گائوںبھی سڑک رابطہ سے جڑ جائیں گے۔شاہ محمد تانترے نے مختلف اسکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کاکام کروانے پر زور دیا جبکہ چوہدری محمد اکرم نے اس بات کی شکایت کی کہ محکمہ امور صارفین اور عوامی تقسیم کاری کی جانب سے بنائی گئی اے پی ایل اور بی پی ایل فہرستیں بالکل غلط ہیں جن میں حقدار کا حق مارا گیاہے ۔اس شکایت پر وزیر موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنرکو 15نومبر سے قبل ان فہرستوں کی تصحیح کرنے کی ہدایت دی ۔دریں اثناء انہوںنے پی ڈی پی کارکنان کے ساتھ بھی ایک میٹنگ منعقد کرکے مسائل سنے ۔چوہدری نے پارٹی کارکنان کویقین دلایا کہ بہت جلد عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے۔