سرینگر//حریت(ع) چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے LOC اور سرحدوں پر ایک بار پھر دونوں ہمسایہ ممالک بھارت اور پاکستان کی فورسز کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی اور تناﺅ کے سبب شدید فائرنگ کے واقعات میں دونوں اطراف میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر مال واسباب بھی تباہ و برباد ہو رہاہے اور سرحد کے آر پار پوری آبادی خوف و ہراس میں مبتلا ہوکر عدم تحفظ کی شکار ہوگئی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ جوہری اسلحہ سے لیس دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین کشیدگی اور تنازعہ کے اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے اسلئے اس مسئلے کا پرامن مذاکرات کے ذریعے ایک ایسا حل تلاش کرنا انتہائی ناگزیر ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور مرضی کے مطابق ہو اور دونوں ملکوں کےلئے قابل قبول ہو۔میرواعظ نے کہا کہ خطہ میں تب تک امن و سلامتی ، ترقی و خوشحالی اورسیاسی استحکام کا قیام اس وقت تک ہرگز ممکن نہیں ہے جب تک نہ التوا میں پڑے مسائل خاص طور پر مسئلہ کشمیر کا دائمی اور منصفانہ بنیادوں پر حل نہیں نکالا جاتا۔ ادھر حریت ترجمان نے شوپیاں میں شہید کئے گئے دو عسکریت پسند شہید وسیم احمد کھانڈے اور شہید صدام میر کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہیدوں نے ایک عظیم کاز کےلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں اور اب ان شہداءکے پاکیزہ مشن کو آگے بڑھانا اور تحریک آزادی کو تکمیلی مرحلے تک پہنچانا حریت پسند قیادت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ترجمان نے ان شہدا کے والدین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار رکرتے ہوئے اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا کی کہ ان شہیدوں کی قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول کر کے کشمیری قوم کو آزادی کی نعمت سے مالا مال کرے۔ حریت ترجمان نے کہا ہے کہ اپنے پیدائشی حق خودارادیت اور آزادی کے مطالبے کی پاداش میں کشمیری عوام پورے تسلسل اور تواتر کے ساتھ زبردست قربانیاں دے رہے ہیں اور گزشتہ چار ماہ سے کشمیر کے طول عرض میں ریاستی دہشت گردی کے بدترین مظاہرے میں سرکاری فورسز نے قتل و غارت ، ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں کا ریکاڑ توڑ دیا ہے ۔ ترجمان نے سرکاری فورسز کی جانب سے چھاپوں ، گرفتاریوں اور توڑ پھوڑ کی کاروائیاں جاری رکھنے اور جنوبی کشمیر میں گزشتہ رات چھاپے کے دوران مزید 10نوجوانوں کو گرفتار کرلینے اور دیگر مقامات میںسرکاری سطح پرتشدد کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ترجمان نے آنچار صورہ ، 90فیٹ اور ملحقہ علاقہ جات میں سرکاری فورسز اور پولیس کی جانب سے آبادی کو ڈرانے دھمکانے اور خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کاروائیوں کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے کشمیر میں عوامی جذبات اور احساسات کو دبانے کےلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔