عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) نے پیر کو 10 مئی کو دونوں فریقوں کے درمیان دشمنی کے خاتمے پر طے پانے والی مفاہمت کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا۔ہاٹ لائن پر بات چیت پہلے دوپہر 12 بجے طے تھی۔ تاہم، وہ شام 5 بجے کے قریب شروع ہوئی۔ ہندوستانی فوج نے کہا، “ڈی جی ایم او کی سطح پر بات چیت ختم ہو گئی ہے۔ مزید تفصیلات کو مناسب وقت پر شیئر کیا جائے گا،” ۔ہندوستانی فوج نے کہا کہ ہفتہ کو دونوں ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد دشمنی کے خاتمے پر مفاہمت کا اعلان کیا گیا۔اگرچہ ہفتے کی رات پاکستانی فوج کی جانب سے مفاہمت کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آئے تاہم اتوار کی رات کو ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔فوج نے ایک مختصر بیان میں کہا، “رات جموں و کشمیر اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ دوسرے علاقوں میں بڑے پیمانے پر پرامن رہی۔”