سرینگر // حریت (ع) نے سرحد کے دونوں جانب گولہ باری سے ہورہی اموات اور تباہ کاری پر یشویش کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں ایگزکیٹو کونسل، جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جموں کشمیر میں جاری سرحدی کشیدگی، سرحد کے دونوں طرف قیمتی انسانی جانوں کے اتلاف پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت پر زور دیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر سمیت جملہ حل طلب مسائل کے حل کیلئے گفت وشنید کا راستہ اختیار کریں ۔ اجلاس میں سرحدوں پر گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ہمسایہ جوہری مملکتوں کے درمیان جاری محاذ آرائی کسی بھی طور اس خطے کے کروڑوں عوام کے مفاد میں نہیں ہے اور دونوں ممالک کو چایئے کہ وہ مخاصمت کا راستہ ترک کرکے موجودہ دردناک سرحدی صورتحال جس میں دونوں اطراف بے گناہ ریاستی باشندوں کا خون بہہ رہا ہے کے خاتمے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ اجلاس میںدونوں ممالک کی قیادت پر زور دیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیر مذاکراتی عمل کا آغاز کریں تاکہ اس خطے میںموجودہ کشیدہ صورتحال کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دیر پا امن اور سلامتی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ اجلاس میںوادی کے طول و عرض خاص کر جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوں میں سرکاری فورسز کی جانب سے CASO کی آڑ میں پکڑ دھکڑ ،مار دھاڑ ، ظلم و زیادتیوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس پورے علاقے کو فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو خود کو حاصل غیر معمولی اختیارات کا بڑی بے دردی کے ساتھ استعمال کرکے یہاں کے نہتے عوام کو اپنے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔