ہندو پاک بین الاقوامی سرحد کے قریب ماڈل پولنگ سٹیشن قائم رائے دہندگان کو ووٹنگ کے حقیقی منظرنامے سے واقف کرنے کیلئے ڈمی پولنگ کا اِنعقاد

عظمیٰ نیوز سروس

کٹھوعہ//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس کی قیادت میں ضلع الیکشن آفس کٹھوعہ نے رائے دہی کے عمل کے بارے میں عوامی بیداری اور سمجھ بوجھ کو بڑھانے کی ایک اوّلین کوشش میں ہیرا نگر میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد کی زیرو لائن کے قریب ایک ماڈل پولنگ سٹیشن قائم کیا ہے۔فصیل بندی سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر واقع گورنمنٹ ہائی سکول کڈیالہ کو ترنگوں کے غباروں سے مزین ایک متحرک مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے جس میں ووٹروں کے اِستقبال کے لئے ایک تہوار جیسا ماحول ہے۔ سٹیشن میںرَسائی اور آرام کو یقینی بناتے ہوئے خواتین رائے دہندگان کے لئے گلابی بیت الخلاء، مرد رائے دہندگان کے لئے مخصوص سہولیات، پینے کا صاف پانی اور معذور اَفراد کے لئے ریمپ شامل ہیں۔یہ سب ووٹنگ کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے احتیاط سے ترتیب دیا گیا ہے۔ماڈل پولنگ سٹیشن میں پھولوں کے پود ے بھی موجود ہے جو پولنگ سٹیشن کے پورے منظر میں ہریالی کا اِضافہ کرتے ہے۔بجلی کی فراہمی مناسب روشنی اور پنکھوں کو یقینی بناتی ہے جبکہ پولیس اور سی اے پی ایف اہلکاروں کی موجودگی تمام رائے دہندگان کی حفاظت اورسیکورٹی کو یقینی بناتی ہے۔ماڈل پولنگ سٹیشن میں فرضی رائے شماری کا ایک سلسلہ کیاگیا جس میں عام ووٹنگ کے منظرنامے ، تمام خواتین عملے کے بوتھ (پنک بوتھ منظر نامہ) اور معذور رائے دہندگان شامل تھے۔ مقامی مرد، خواتین اور پی ڈبلیو ڈی ووٹروں نے فرضی رائے شماری میں حصہ لیا جس سے ووٹنگ کے پورے عمل کی حقیقت پسندانہ تصویر کشی ہوئی۔اِس مشق کو ایک جامع ویڈیو عکس بند کیا گیا ہے جس کا مقصد مقامی کمیونٹی کو پولنگ کے دِن ووٹ ڈالنے کے مرحلہ وار طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ یہ ویڈیو پورے کٹھوعہ میںگردش کر رہا ہے جس سے رائے دہندگان کو بااختیار بنایا جا رہا ہے کہ وہ اعتماد اور وضاحت کے ساتھ پولنگ سٹیشن پر تشریف لے جائیں۔اِس اقدام پر ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس نے تبصرہ کرتے ہوئے ایک مضبوط جمہوری ثقافت کو فروغ دینے کے لئے رائے دہندگان کی تعلیم اور شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ماڈل پولنگ سٹیشن اور تعلیمی ویڈیو آئندہ اِنتخابات میں رائے دہندگان کے ٹرن آؤٹ اور شرکت میں اہم کردار ادا کریں گے۔