کولکاتا//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کوخبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوؤں کے تہواروں میں کسی طرح کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔مسٹر شاہ نے ہفتے کو مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں مایو روڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بنگال میں اگر درگا پوجا یاسرسوتی پوجا میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو بی جے پی کے کارکن خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔بلکہ اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے ۔مسٹر شاہ نے کہا کہ ریاست میں نازبرداری کی سیاست کرنے کے لئے ہندو تہواروں میں رکاوٹ پیدا کرنا نامناسب ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیدی آپ نے ہندوؤں کو درگا پوجا وسرجن نہیں کرنے دیا، سرسوتی پوجا نہیں کرنے دی۔ اگر آئندہ آپ نے ایسا کیا تو بی جے پی کارکن سیکریٹریٹ تک جلوس نکال کر آپ کی حکمت عملی کا جواب دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ترنمول کانگریس اور راہل گاندھی بھلے ہی جتنی مخالفت کریں، این آرسي کو روکا نہیں جائے گا۔ این آرسي کاعمل جاری رہے گا کیونکہ غیر قانونی دراندازوں کو روکنے کا یہ واحد راستہ ہے ۔ این آرسي کو لے کر ہم مصروف عمل ہیں۔ ممتا بنرجی کے اقدامات کوملک کے مفادات اور ووٹ بینک کی سیاست قرار دیتے ہوئے آج بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے کلکتہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممتا بنرجی ووٹ بینک کی خاطر بنگلہ دیشی دراندازوں کی حمایت میں کھڑی ہیں اور این آر سی کی پرزور مخالفت کررہی ہیں جب کہ بی جے پی ووٹ بینک کے بجائے ملک کے مفادات کے تحفظ کرتی ہے ۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی سخت تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ وہ 2019میں بنگال میں بہر صورت تبدیلی لا کر رہیں گے۔