جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر میں بھائی چارے اور روایتی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے ہندو برادری نے ایک بار پھر مذہبی ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کی۔ عید میلادالنبیﷺکے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران بیوپار منڈل مینڈھر کے صدر بلرام شرما اور مہاجن سبھاکے صدر راجیو گپتا کی جانب سے خصوصی اسٹال لگایا گیا۔ اس اسٹال پر پانی، فروٹ اور دیگر اشیائے خور و نوش کا انتظام کیا گیا تاکہ جلوس میں شریک لوگ سہولت کے ساتھ اپنی دینی عقیدت کا اظہار کر سکیں۔اس موقع پر جلوس میں شامل علمائے کرام، امام و خطیب حضرات اور شرکاء نے ہندو برادری کے اس جذبے کو سراہا۔ امام و خطیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ان بھائیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے نہ صرف جلوس میں شامل عوام کی خدمت کی بلکہ پرانی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کی مثال بھی قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ جذبہ ہے جس سے مینڈھر کی فضا ہمیشہ امن و سکون کی علامت رہی ہے۔بیوپار منڈل کے صدر بلرام شرما اور مہاجن سبھا کے صدر راجیو گپتا نے کہا کہ یہ روایت کئی برسوں سے جاری ہے اور ہمارا مقصد یہی ہے کہ دونوں برادریاں مل جل کر بھائی چارے اور امن کے ساتھ زندگی بسر کریں۔ جلوس میں شامل لوگوں نے اس اتحاد و یکجہتی کے مظاہرے کو زبردست انداز میں سراہا اور کہا کہ یہی محبت و اخوت علاقے کی اصل پہچان ہے۔اس طرح مینڈھر نے ایک مرتبہ پھر ہندو مسلم اتحاد کی روشن روایت کو زندہ کر کے امن و بھائی چارے کا پیغام دیا۔