یو این آئی
ریاض//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگیں پسند نہیں ہیں ہندوپاک کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور امید ہے یہ مستقل جنگ بندی ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے ریاض میں سعودی امریکن انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جنگیں پسند نہیں، دنیا بھر میں امن کا خواہاں ہوں، گزشتہ ہفتے میری انتظامیہ نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فوری جنگ بندی کروائی اور کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان قیادت غیر متزلزل اور طاقتور ہے، دونوں ممالک نے موجودہ کشیدہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے دانشمندی کا مظاہرہ کیا اور امید ہے یہ جنگ بندی ایسے ہی جاری رہے گی۔اس دوران، ڈونالڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی ونس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے ٹیم کے ساتھ ملکر بہترین کام کیا، کیونکہ یہ کشیدگی دن بدن بڑھتی جارہی تھی جس میں لاکھوں اموات ہوسکتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان سے کہا کہ آئیے ملکر تجارت کرتے ہیں، اور امید ہے ہم دونوں ممالک کے رہنمائوں کو اکھٹا کرکے ایک بہترین ڈنر کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مہینوں میں بہت کارنامے انجام دیے، چین نے عائد ٹیکسز میں کمی پر آمادگی ظاہر کی کہ ہم مزید کمی لائیں گے جبکہ چین نے امریکی مصنوعات کے لیے دروازے کھولنے کی اجازت دے دی۔انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں بیوروکریسی کو کافی حد تک محدود کردیا ہے اور دنیا کے کئی ممالک معاہدوں کے لیے وائٹ ہاس کا دورہ کر رہے ہیں۔ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا دورہ سعودی عرب تاریخی اور کامیاب ہے، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ محمد بن سلمان عظیم اور کرشماتی شخصیت کے مالک ہیں، سعودی عرب اور یو اے ای کے حکمرانوں نے ریگستانی خطے کو ترقی کی راہ پر ڈالا، یہ خطہ اپنے بیٹوں کی محنت اور لگن کی بدولت ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس دنیا کی بہترین معیشت ہے اور میری موجودگی کی وجہ سے امریکہ دولت بنانے کے لیے پرکشش بن گیا۔
ٹرمپ کے انکشاف پر مودی خاموش کیوں : کانگریس
یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے انکشاف کے باوجود عام طور پر پرجوش رہنے والے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا امریکی دبا کے سامنے خاموشی اختیار کرنا حیران کن ہے کانگریس نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پابندیوں اور تجارتی معاہدوں کے لالچ اور دھمکی کا استعمال کر کے ہندوستان کو پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کے لیے بلیک میل کر کے مجبور کیا ہے۔ ٹرمپ نے اس وقت ایکس پر فوجی کارروائی روکنے کی معلومات بھی دی تھیں۔پارٹی کے شعبہ مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے کہا’’کچھ دن پہلے ہمیں پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کی معلومات امریکی صدر سے ملی تھیں۔ اب کل سعودی عرب میں ایک عوامی پروگرام کے دوران صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پابندیوں اور تجارتی معاہدوں کے لالچ اور دھمکی کا استعمال کر کے ہندوستان کو اس جنگ بندی کے لیے مجبور اور بلیک میل کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس انکشاف کے بارے میں عام طور پر بہت پرجوش رہنے والے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا کیا کہنا ہے۔ کیا انہوں نے امریکی دبا کے سامنے ہندوستان کے سیکورٹی مفادات کو گروی رکھ دیا۔