یو این آئی
نئی دہلی //خلیجی ممالک ،خاص طورپر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ روکنے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنے سفارتکاروں کویہ ذمہ داری سونپی ہے ۔پچھلے پندرہ دن سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگی صورتحال پیداہوگئی ہے اور کئی دونوں سے وہ ایک دوسرے پر راکٹ اور ڈرون سے حملے کررہے ہیں جس کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں کافی جانی ومالی نقصان ہواہے ۔اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیوبھی دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ ٹالنے کیلئے کوشاں ہیں ۔وہ ہندوستان اور پاکستان کے سینئر وزرا کیساتھ رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے پاکستانی فوجی سربراہ سے بھی بات کی ۔سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر مملکت برائے امورخارجہ عادل الجبیر کو ہندوستان اور پاکستان روانہ کیا جہاں انہوں نے وزیر خارجہ جے شنکر اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے بات کی ۔اس دوران ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی دونوں ملکوں کے سربراہان کے ساتھ ملاقات کی اور قیادت پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے ضروری اقدام کریں ۔پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نیکہاکہ کویت کے اعلی حکام بھی پاکستان کی اعلی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔خلیجی ممالک، جن کے تعلقات دونوں ملکوں کے ساتھ گہرے ہیں موثر کردار اداکرسکتے ہیں ۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے 2019میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تنائوکم کرنے میں اہم رول ادا کیاتھاا وراسکی وجہ سے اس وقت جنگ ٹل گئی ۔