عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //ہندوستانی فوج نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ اتوار کو کوئی بات چیت طے نہیں تھی ۔ فوج نے اتوار کی صبح کہا کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائی روکنے کا معاہدہ ختم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان کوئی بات چیت ہونے والی ہے ۔ان خیالات کو رد کرتے ہوئے کہ یہ وقفہ عارضی تھا، اور یہ 18مئی کو ختم ہو جائے گا، فوج نے کہا ہے کہ 12 مئی کو دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کیے گئے فیصلے کے مطابق فوجی کارروائی کو ملتوی کرنے اورہندوستان اور پاکستان کے درمیان 12 مئی کو کشیدگی کے خاتمے کا معاہدہ جاری رہے گا۔فوج نے کہا کہ دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان بات چیت طے نہیں ہے ۔ یہ وضاحت کچھ میڈیا ہائوسز کی رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی 18 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ اس سے قبل 12 مئی کو، ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (DGMOs) نے اہم بات چیت کی تھی اور اس عزم کو جاری رکھنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا کہ دونوں فریق ایک بھی گولی نہیں چلائیں گے اور نہ ہی کوئی جارحانہ کارروائی شروع کریں گے۔اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق سرحدوں اور آگے کے علاقوں سے فوج کی کمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر غور کریں۔دونوں ممالک کے درمیان ڈی جی ایم او کی سطح کے مذاکرات، جو ابتدائی طور پر 12 مئی کو دوپہر کے قریب ہونے والے تھے، بعد میں شام کو طے پائے۔ پاکستان کے ڈی جی ایم او کی جانب سے اپنے ہندوستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی کو کال کے بعد ہفتہ کو دونوں ممالک نے فائرنگ اور فوجی کارروائی کو روکنے پر اتفاق کیا۔اتوار (11 مئی)کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل گھئی نے کہا کہ ان کے پاکستانی ہم منصب نے ہفتے کے روز ایک بات چیت کے دوران تجویز پیش کی کہ “ہم دشمنی ختم کریں”۔ بھارت نے 7 مئی کو آپریشن سندور شروع کیا اور گزشتہ ماہ پہلگام میں ایک خوفناک حملے کے جواب میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میںکے نو مقامات کو نشانہ بنایا ۔