یو این آئی
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ سے بہت زیادہ تنا ئورہا ہے لیکن دونوں ملک اسے کسی نہ کسی طریقے سے سلجھا لیں گے۔جب روم جاتے ہوئے ایئر فورس ون پر نامہ نگاروں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بارے میں سوال کیا تو امریکی صدر نے کہا میں ہندوستان کے بہت قریب ہوں اور میں پاکستان کے کافی قریب ہوں، جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کشمیر میں ان کی لڑائی برسوں سے چلی آرہی ہے۔انہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ذکر کیاجس پاکستان سے منسلک دہشت گردوں نے 26افراد کو مار ڈالا تھا۔سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے بارے میں پوچھے جانے پر اور کیا وہ پریشان ہیں، امریکی صدر نے کہا ٹھیک ہے، اس سرحد پر 1500سال سے تنا ئوہے، اس لیے سمجھیں، یہ ویسا ہی ہے جیسا پہلے تھا۔ وہ اسے کسی نہ کسی طریقے سے سلجھا لیں گے، میں ان کے دونوں لیڈروں کو جانتا ہوں، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہمیشہ سے بہت زیادہ تنا رہا ہے۔امریکی صدر کا یہ تبصرہ پہلگام دہشت گردانہ حملے پر جمعہ کو امریکی محکمہ خارجہ کے تبصرے کے بعد آیا ہے۔صدر ٹرمپ اور سکریٹری روبیو نے واضح کیا ہے، امریکہ دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہے۔محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹمی بروس نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والوں کی روح کے سکون اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور اس گھنانے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ایران نے ثالثی کی پیشکش کی | سعودی وزیرخارجہ کاجے شنکر اور اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سفارتی اورسرحدی کشیدگی کے بعد ایران نے جمعہ کے روز دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ وہیں سعودی عرب بھی نئی دہلی اور اسلام آباد کے بیچ کشیدگی کم کرنے کیلئے سرگرم ہو گیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے تازہ صورت حال پر اپنے ہندوستانی اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ فون پر بات چیت کی۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان، ایران کے برادر اور ہمسایہ ہیں۔ دونوں کے ساتھ ہمارے ثقافتی اور تہذیبی تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ دوسرے ہمسایوں کی طرح ہم بھی انہیں اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔عراغچی نے کہا کہ موجودہ مشکل وقت میں ایران پاکستان اور بھارت کے بیچ بہتر افہام و تفہیم پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ اس موقعے پر انہوں نے فارسی کے مشہور شاعر سعدی کا حوالہ بھی دیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے شیخ سعدی شیرازی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ تمام انسان ایک ہی جوہر اور روح سے تخلیق شدہ ارکان ہیں، اگر ایک رکن کو تکلیف ہو گی تو دوسرے ارکان کو بے چینی رہے گی۔پاکستان کے وزیر خارجہ اسحق ڈار نے تازہ کشیدگی پر ایران کے وزیر خارجہ کیساتھ ٹیلیفون پر بات کی۔ انہوں نے ایکس پر اس کی جانکاری دیتے ہوئے لکھا کہ بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔وہیں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے فون پر بات کی۔وزیر خارجہ جے شنکر نے ایکس پر لکھا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور اس واقعے کے سرحد پار روابط پر تبادلہ خیال کیا۔وہیں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ محمداسحاق ڈار کو سعودی عرب کا فون آیا۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل بن فرحان کو بھارت کی طرف سے اعلان کردہ یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈار نے مزید بڑھتی ہوئی حرکتوں کے خلاف خبردار بھی کیا اور کسی بھی جارحیت کا مضبوطی سے جواب دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سعودی عرب نے بھارت اور پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے مداخلت کی ہو۔ 2019 کے پلوامہ خودکش بم دھماکے کے بعد جس میں 40 سی آرپی ایف اہلکار ہلاک ہوئے اور ہندوستان اور پاکستان کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) خاموشی سے دونوں ممالک کے ساتھ ثالثی میں مصروف ہو گئے۔جبکہ سعودی عرب روایتی طور پر ان تعاملات کے بارے میں نرم رویہ رکھتا ہے، متحدہ عرب امارات کے سینئر سفارت کاروں نے بعد میں ثالثی کی کوششوں میں اپنے ملک کے کردار کو تسلیم کیا تھا۔