یواین آئی
نئی دہلی/ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں برمنگھم میں اپنی پہلی ٹیسٹ جیت درج کی اور اس جیت میں سات پوائنٹس کا اہم کردار رہا۔کرکٹ کے ماہر شماریات شری کانت پودار نے بنگلور سے فون پر ‘یواین آئی ’ کو بتایا کہ اس جیت میں سات پوائنٹس کی کہیں نہ کہیں برتری دکھائی دی۔ یہ میچ سال کے ساتویں مہینے میں کھیلا گیا اور اس کا اختتام 187ویں دن ہوا۔ پہلی اننگز میں ہندوستان نے 587 اور دوسری اننگز میں 427 رنز بنائے ۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے ۔ پہلی اننگز میں ہندوستان کے دو کھلاڑی ایک ہی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ آٹھواں اور نواں وکٹ 574 کے اسکور پر گرا۔ انگلینڈ کے بھی دو کھلاڑی ایک ہی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ انگلینڈ نے 407 کے اسکور پر نویں اور دسویں وکٹ گنوائی۔شری کانت نے بتایا کہ اس میچ کی سب سے بڑی شراکت داری 303 رنز کی رہی جو 387 کے اسکور پر ٹوٹی۔ ہندوستان نے پہلے دن کے اختتام پر سات وکٹیں اپنے ہاتھ میں رکھیں اور دوسرے دن سات وکٹیں گنوائیں اور 277 رنز بنائے ۔انگلینڈ نے دوسرے دن بھی سات وکٹیں ہاتھ میں رکھتے ہوئے 77 رنز بنائے اور تیسرے دن سات وکٹیں گنوائیں۔ہندوستان نے میچ کی دونوں اننگز میں کل 1014 رنز بنائے جس کا ایک اننگز کا اوسط 507 آتا ہے ۔ اس میچ میں لنچ سے پہلے سب سے زیادہ رنز تیسرے دن بنے جو 172 رنز تھے ۔شری کانت نے بتایا کہ انگلینڈ کی دوسری اننگز 271 رنز پر سمٹ گئی اور ہندوستان کے دو گیند بازوں نے انگلینڈ کے کل 17 وکٹیں لیں۔ محمد سراج نے دونوں اننگز میں سات اور آکاش دیپ سنگھ نے 10 وکٹیں لیں۔