یو این آئی
ہانگزو// ہندوستان نے جمعہ کو ایشین گیمز 2023 کے ہاکی فائنل میں جاپان کو 1-5 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پیرس 2024 اولمپک کوٹہ بھی حاصل کرلیا۔گونگشو کینال اسپورٹس پارک اسٹیڈیم میں ہندوستان کے لیے من پریت سنگھ (25ویں منٹ)، ہرمن پریت سنگھ (32ویں اور 59ویں منٹ)، امیت روہیداس (36ویں منٹ) اور ابھیشیک (48ویں منٹ) نے گول کئے۔ اس کے ساتھ ہی جاپانی ٹیم کے لیے تاناکا نے (51ویں منٹ میں) گول کر کے اسکور شیٹ میں اضافہ کیا۔مردوں کی ایف آئی ایچ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہندوستان نے مثبت آغاز کیا اور میچ شروع ہونے کے چند منٹوں میں ہی پہلا موقع پیدا کیا لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کرسکے۔اس کے بعد بھی پہلے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے کئی مواقع پیدا کئے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب جاپانی ٹیم بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکی۔