ہندوستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرایا

ہرارے//ہندوستان نے شیکھر دھون (81 ناٹ آؤٹ) اور شبھمن گل (82 ناٹ آؤٹ) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت جمعرات کو پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کے سامنے 190 رن کا ہدف رکھا تھا جسے ہندوستانی ٹیم نے 30.5 اووروں میں باآسانی حاصل کر لیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے نے پہلی اننگز میں بریڈ ایوانز (32) اور رچرڈ اینگراوا (34) کی شاندار اننگز کی بدولت 189 رن بنائے ۔ زمبابوے کی ٹیم جب بیٹنگ کے لیے آئی تو وہ پچھلی سیریز کی اپنی فارم برقرار نہ رکھ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں۔ جہاں دیپک چاہر نے اوپنرز اینوسینٹ کائیا، تادیناشے مارومانی اور ویسلے مادیویر کو پویلین لوٹایا، وہیں محمد سراج نے شان ولیمز کو آؤٹ کیا۔

 

بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں میں دو سنچریاں بنانے والے سکندر رضا 12 رنز بنا کر پرشدھ کرشنا کا شکار ہو گئے ۔ محض 66 رن پر پانچ وکٹ گرنے کے بعد کپتان ریگیس چکابوا نے زمبابوے کی شکست خوردہ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 51 گیندوں پر 35 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔ چکابوا نے اپنی اننگز میں چار چوکے لگائے ۔ ریان برل (11) اور لیوک جونگوے (13) کا وکٹ گرنے کے بعد زمبابوے مشکل میں تھا لیکن بریڈ ایوانز اور رچرڈ اینگراوا ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث بن کر ابھرے ۔ دونوں نے نویں وکٹ کے لیے 70 رن جوڑے ۔ ایوانز نے 29 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنائے ، انگراوا نے 42 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رن بنائے ۔ دونوں بلے بازوں کی محنت نے ٹیم کو 189 رنز کے باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ ہندوستان کی جانب سے چاہر (7 اوور، 27 رنز)، کرشنا (آٹھ اوور، 50 رنز) اور اکسر پٹیل (7.3 اوور، 24 رنز) نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج نے آٹھ اوورز میں 36 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کئے ۔