اوسلو// ہندوستان اور ناروے اقوام متحدہ کے علاوہ کئی بین الاقوامی فورم پر بہت سے مسائل پر مل کر کام کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں بھی ایک دوسرے کا تعاون کریں گے ۔ ہندوستان کے زراعت اور کسان بہبود اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ایس ایس آہلووالیہ کے ناروے کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے اس قرارداد اظہار کیا۔ کل شام مکمل ہوئے اس تین روزہ دورے میں ان کے ساتھ ممبران پارلیمنٹ کا ایک دس رکنی وفد بھی شامل تھا۔ مسٹر آہلووالیہ نے اپنے اس دورے کے دوران ناروے کی کامرس اینڈ انڈسٹری وزیر مونیکا میلینڈ اور غیر ملکی معاملات کی سیکرٹری میرٹ برگر روزلینڈ اور غیر ملکی پالیسی اور سکیورٹی کی قائمہ کمیٹی کی صدر اینی کین ویئلفیلٹ اور صنعت اور تجارت کی قائمہ کمیٹی کے نائب صدر گننار گڈرسن سے ملاقات کی۔ مسٹر آہلووالیہ نے ناروے کے ان وزراء اور حکام سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کو زراعت، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور پانی کے انتظام اور آرگینک زراعت کے شعبہ میں مل جل کر کام کرنا چاہیے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ایک دوسرے کو تعاون کرنا چاہئے ۔