نئی دہلی//وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے پر بھارت میں نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک پْر وقار تقریب میں عمران خان نے ملک کے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اْٹھا لیا اس تقریب میں شرکت کے لیے ان کے قریبی دوست اور معروف بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی خصوصی طور پر بھارت سے آئے تھے۔نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان میں کافی پذیرائی ملی اور آج تقریب حلف برداری میں بھی انہیں مہمان کی حیثیت سے خصوصی اہمیت دی گئی اور اگلی صف میں بٹھایا گیا جہاں اْن کے ایک طرف پاکستان زیر انتظام کشمیر کے صدر مسعود خان موجود تھے۔قبل ازیں آرمی چیف قمر باجوہ نے نینوجوت سنگھ سدھو کا خیرمقدم کیا اور اس دوران آرمی چیف قمرجاوید باجوہ اور بھارتی اسٹار کرکٹر کے درمیان خوشگوار کلمات کا تبادلہ بھی ہوا۔بھارتی اوپنر نوجوت سنگھ سدھو کو ملنے والی پذیرائی سے نالاں بھارتی میڈیا نے واویلا شروع کردیا اور اپنے ہی کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا جب کہ انتہا پسند جماعتوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرہ کیا اور سدھو کے پتلے بھی جلائے گئے۔