ہندوستان سنگاپور دفاعی تعاون | وزرائے دفاع کا معاہدہ 5سال تک بڑھانے پر بھی اتفاق

Towseef
3 Min Read

یو این آئی

نئی دہلی//ہندوستان اور سنگاپور نے دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے، اسے مضبوط بنانے اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور سنگاپور کے وزیر دفاع ڈاکٹر این جی اینگ ہین کے درمیان منگل کویہاں منعقدہ چھٹے ہندوستان-سنگاپور دفاعی وزارتی مذاکرات کے دوران اس سلسلے میں ایک معاہدہ طے پایا۔دونوں وزرائے دفاع نے بات چیت کی مشترکہ صدارت کی اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے بارے میں مشترکہ نقطہ نظر کا اظہار کیا۔اس ملاقات کو ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کی ایک دہائی کی تکمیل کے پس منظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے، جس میں سنگاپور نے اقتصادی تعاون اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے اور خطے کے ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔دونوں وزرا نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان باقاعدہ بات چیت ہوتی رہی ہے۔سال 2025میں ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے پر دونوں وزرا نے دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے اور نئی کامیابیاں حاصل کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مشترکہ فوجی تربیت کے دوطرفہ معاہدے کو مزید پانچ سال تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔دونوں ممالک دفاعی سازوسامان کے مشترکہ ڈولپمنٹ اور مشترکہ پیداوار شروع کرنے کے لیے فطری شراکت دار ہیں، دونوں فریقوں نے آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت جیسے مخصوص ڈومینز میں تعاون کے امکانات کو تلاش کرنے سمیت صنعتی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرا نے سائبر سیکورٹی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔سنگھ نے 2021سے 2024تک آسیان وزرائے دفاع کی میٹنگ پلس میں ہندوستان کے لیے رابطہ کار ملک کے طور پر سنگاپور کی حمایت کیلئے ڈاکٹر این جی اینگ ہین کا شکریہ ادا کیا۔ سنگاپور کے وزیر دفاع نے تسلیم کیا کہ ہندوستان ایشیا کے امن اور استحکام کے لیے ایک اسٹریٹجک آواز ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ سنگاپور کے دوران دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی طرف فروغ دیا گیا تھا۔مذاکرات سے قبل سنگاپور کے وزیر دفاع کا باضابطہ استقبال کیا گیا اور تینوں افواج نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔قبل ازیں سنگاپور کے وزیر دفاع نے یہاں نیشنل وار میموریل پر شہید ہونے والے ہیروز کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

Share This Article