یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دو طرفہ بحری مشق سلین کواس 2024نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیا ہے اور ایک محفوظ اور حکمرانی پر مبنی سمندری زون بنانے میں مدد کی ہے۔یہ مشق مشرقی بحریہ کمان کے زیراہتمام 17 سے 20 دسمبر تک وشاکھاپٹنم میں دو مرحلوں میں کی گئی۔ بندرگاہ کا مرحلہ 17 سے 18 دسمبر اور سمندری مرحلہ 19 سے 20 دسمبر 24 تک ہوا۔ہندوستان کی طرف سے مشرقی بیڑے کے آئی این ایس سمترا نے خصوصی دستوں کی ٹیم کے ساتھ مشق میں حصہ لیا جبکہ سری لنکا کی بحریہ کی طرف سے آف شور پٹرول ویسل سیورا نے خصوصی دستوں کے ساتھ حصہ لیا۔مشق کا افتتاح 17 دسمبر کو کیا گیا اور اس کے بعد بندرگاہ کے مرحلے میں شرکا کے درمیان پیشہ ورانہ اور سماجی تبادلے ہوئے۔ سمندری مرحلے میں مشترکہ مشقیں، گن فائرنگ، مواصلاتی طریقہ کار، بحری جہاز کی مہارت کے ساتھ ساتھ نیوی گیشن ڈیولپمنٹ اور دونوں بحری افواج کے خصوصی دستوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز شامل تھے۔دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ مشقوں کا یہ سلسلہ 2005 میں شروع ہوا تھا۔