عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//مرکزی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے جرمنی کے دورے پرواضح کیا کہ ہندوستان جلدبازی میں یا کسی کے دباو میں آکر تجارتی معاہدے نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، یورپی یونین اور امریکہ سمیت دیگر ممالک اور خطوں کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر سرگرمی سے مذاکرات کر رہا ہے۔جرمنی میں منعقدہ برلن ڈائیلاگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہاکہ ہم یورپی یونین کے ساتھ فعال بات چیت کر رہے ہیں۔ ہم امریکہ سے بھی گفتگو کر رہے ہیں، لیکن ہم نہ تو جلدبازی میں کوئی معاہدہ کرتے ہیں، نہ ہی کوئی وقت کی حد طے کرتے ہیں اور نہ ہی کسی دباو یا بندوق کی نال پر کوئی معاہدہ کرتے ہیں۔ برلن گلوبل ڈائیلاگ میں خطاب کرتے ہوئے گوئل نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی معاہدے صرف ٹیرف یا مارکیٹ تک رسائی کے بارے میں نہیں ہوتے، بلکہ اعتماد، طویل مدتی تعلقات کی تعمیر اور عالمی تجارتی تعاون کے لیے ایک پائیدار فریم ورک قائم کرنے کے بارے میں بھی ہوتے ہیں۔ ہندوستان، یورپی یونین کے ساتھ طویل عرصے سے زیرِ التوا آزاد تجارتی معاہدیپر بات چیت کر رہا ہے، جس میں مارکیٹ تک رسائی، ماحولیاتی معیار اور پیداواری ضوابط پر اختلافات برقرار ہیں۔ گوئل نے کہا کہ نئی دہلی تجارتی معاہدوں میں ایک متوازن رویہ اپنائے گی۔ گوئل کے مطابق،ہندوستان کسی بھی تجارتی معاہدے پر جلدبازی میں دستخط نہیں کرے گا۔پیو ش گوئل نے یہ بھی کہا کہ تجارتی معاہدوں کو طویل مدتی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کبھی بھی جلدبازی یا وقتی جوش میں فیصلے نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ضرورت سے زیادہ ٹیرف(درآمدی محصول)سے نمٹنے کے لیے نئے بازاروں کی تلاش میں ہے۔گوئل نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہندوستان نے کبھی بھی قومی مفاد کے علاوہ کسی اور بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کے دوست کون ہوں گے… اگر کوئی مجھ سے کہے کہ آپ یورپی یونین کے دوست نہیں ہو سکتے، تو میں اسے قبول نہیں کروں گا۔ اور اگر کوئی کہے کہ آپ کینیا کے ساتھ کام نہیں کر سکتے، تو یہ بھی ناقابلِ قبول ہے۔گوئل نیدوران گفتگو یہ بھی کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہے ہیں، اور حال ہی میں ہمارے کامرس سیکریٹری امریکہ گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنے امریکی ہم منصبوں سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ جلد ہی ایک منصفانہ اور متوازن معاہدہ طے پائے گا۔قابلِ ذکر ہے کہ پچھلے ہفتے کے دوران کامرس سیکریٹری راجیش اگروال کی قیادت میں ہندوستانی وفد واشنگٹن گیا تھا، جہاں امریکی حکام کے ساتھ دن تک تجارتی مذاکرات پر گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات اکتوبر کو اختتام کو پہنچی۔