یو این آئی
سان فرانسسکو//مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے منگل کو یہاں کہا کہ ہندوستان بدل رہا ہے اور ہندوستانی خواتین بھی بدل رہی ہیں اپنے دورہ امریکہ کے دوران اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلیفورنیا کے ہوور انسٹی ٹیوشن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیتا رمن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی درخواست پر کام کرنے والی خواتین کیلئے زچگی کی چھٹی چھ ماہ تک بڑھا دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ دو سال قبل ہم ایک اسکیم لے کر آئے تھے جس کے تحت ہم نے خواتین کی طرف سے جمع کرائی گئی رقم پر سود کی شرح بڑھا کر 7.5 فیصد کر دی تھی، تاکہ خواتین کی حوصلہ افزائی ہو سکے کہ وہ اپنی بچت کو گھر میں کیش رکھنے کے بجائے بینکوں میں رکھیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے نام پر جائیداد کے اندراج میں ٹیکس کی رعایتیں ہیں۔ نیوٹریشن اسکیم کے تحت حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماں کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت پکے مکانات کی رجسٹریشن یا تو عورت کے نام پر یا پھر کسی مرد ممبر کے ساتھ مشترکہ طور پر کی جاتی ہے۔ اس طرح ہندوستان بدل رہا ہے اور ہندوستانی خواتین بھی بدل رہی ہیں۔