عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/امریکہ میں ہندوستان کے خلاف تجارتی کارروائی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو واضح طور پر کہا کہ ہندوستان اپنے کسانوں، مویشی پالنے والوںاور ماہی گیروں کے مفادات کے تئیں کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ مودی یہاں مشہور زرعی سائنسدان اور سبز انقلاب کے بانی آنجہانی ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ’’ہمارے لیے کسانوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ ہندوستان اپنے کسانوں، مویشیوں پالنے والوں اور ماہی گیربھائیوں اور بہنوں کے مفادات کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی آمدنی بڑھانے، کاشتکاری پر اخراجات کم کرنے اور ان کی آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ مودی کا یہ بیان ایسے وقت میں اور بھی اہم ہے، جب امریکہ نے ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کے لئے بات چیت کے درمیان 25 فیصد کی شرح سے درآمدی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا، اس کے بعد ڈیوٹی بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ پہلے ہی امریکی فیصلے کو غیر مناسب اور غیر معقول قرار دے چکا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
ڈاکٹر سوامی ناتھن کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر مسٹر مودی نے ’’ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن انٹرنیشنل ایوارڈ فار فوڈ اینڈ پیس‘‘ کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے۔ پہلا ایوارڈ نائجیریا کے ایک سائنسدان کو دیا گیا ہے۔اپنشدوں کے ایک اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ خوراک کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ خوراک زندگی ہے، خوراک زندگی کی بنیاد ہے۔ اگر دنیا میں خوراک کا بحران ہوا تو عالمی امن کے لیے بحران پیدا ہو جائے گا۔
وزیر اعظم نے ہندوستانی سائنس دانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں سبز انقلاب کے بانی ڈاکٹر سوامی ناتھن کے تعاون سےتحریک حاصل کرتے ہوئےہندوستان کی غذائی تحفظ کے لئے کام کریں ۔ سائنسدانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر آرگینک کاشتکاری اور ایسی فصلوں کی نشوونما پر توجہ دینی چاہیے جو خشک سالی اور بڑھتی ہوئی گرمی کے حالات میں بھی اچھی پیداوار دیتی ہیں۔
مودی نے مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی موجودگی میں کہا کہ دوسرے پیشوں سے وابستہ لوگوں کے ساتھ ساتھ زرعی سائنسدانوں کو بھی ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں بڑا کردار ادا کرنا ہوگا۔عظیم سائنسدان ڈاکٹر سوامی ناتھن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ میری حکومت کو انہیں بھارت رتن سے نوازنے کا موقع ملا ہے۔
ہندوستان اپنے کسانوں، مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کے مفادات کے تئیں کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا: مودی
