یو این آئی
نئی دہلی/پاکستان کی ہاکی ٹیمیں ایشیا کپ اور جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے ہندوستان آئیں گی۔ کھیل کی وزارت کے ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے ۔ اس کے لیے داخلہ، خارجہ اور کھیل کی وزارتوں سے منظوری حاصل ہو چکی ہے ۔پاکستان کی ہاکی ٹیم کو اگلے مہینے ہندوستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔ یہ اطلاع جمعرات کے روز کھیل کی وزارت کے ایک ذرائع نے دی۔ایشیا کپ کا انعقاد بہار کے راجگیر میں 27 اگست سے 7 ستمبر تک ہوگا، جبکہ جونیئر ورلڈ کپ کا انعقاد چنئی اور مدورے میں 28 نومبر سے 10 دسمبر تک کیا جائے گا۔ ذرائع نے کہا،”ہم کسی بھی ٹیم کے ہندوستان میں کثیر الملکی مقابلے میں حصہ لینے کے خلاف نہیں ہیں۔ اگر ہم پاکستان کو شرکت سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں تو یہ اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی۔ البتہ دو طرفہ تعلقات ایک الگ معاملہ ہے اور اس میں کسی قسم کی نرمی نہیں دی جائے گی۔”یہ خبر اس لیے بھی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ حال ہی میں پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے اور ‘آپریشن سندور’ جیسے واقعات کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات خاصے کشیدہ ہو گئے تھے ۔ان واقعات کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ حکومت ہند پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر سکتی ہے ، جس سے پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔ ہاکی انڈیا کے حکام نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں گے اور حالات پر قریبی نظر رکھیں گے ۔تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ حکومت ہند نے کھیل اور سیاست کو کم از کم بین الاقوامی ایونٹس کی حد تک الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔