نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے آسیان ممالک اورہندوستان کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے اپنے عہد کا آج اعادہ کیا۔ مسٹر مودی نے کل سے شروع ہو رہے تین روزہ فلپائن دورے سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس دورے کے دوران آسیان-ہنداور مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنسوں کے علاوہ آسیان کی 50 ویں سالگرہ کے خصوصی انعقاداور علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری (آر سی ای پی)اور آسیان کاروباری اور سرمایہ کاری کے چوٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے ۔ان کے اس دورے سے آسیان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا اور اس میں مزید وسعت پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اس سال آسیان کی گولڈن جبلی کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے جو ہندوستان کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ اس سال ہند۔ آسیان ڈائیلاگ کے قیام کی بھی 25 ویں سالگرہ ہے ۔ ان کانفرنسز میں آسیان ممالک کے علاوہ امریکہ، جاپان، چین، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اورجنوبی کوریا کے لیڈران بھی موجود ہوں گے ۔یو این آئی