اسلام آباد// حکومت پاکستان نے ہندوستانی ہائی کمیشن کے جن8 افسران کی شناخت ظاہر کی تھی، ان میں سے3منگل کو وطن روانہ ہو گئے انوراگ سنگھ، وجے کمار ورما اور مادھون نندا کمار اسلام آباد سے پرواز ای کے 613 سے براستہ دبئی بھارت روانہ ہوئے جبکہ راجیش کمار، امردیپ سنگھ بھٹی، دھرمیندر سودھی اور بلبیر سنگھ اور جیابالن سینتھل پاکستان میں موجود ہیںاور ان کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ آج یعنی بدھ کو واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہونگے۔ان اہلکاروں کو پاکستان نے ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر ملک چھوڑنے کی ہدایات کی تھیں۔ راجیش کمار اگنی ہوتری، (کمرشل قونصلر)، بلبیر سنگھ (فرسٹ سیکریٹری پریس اینڈ کلچر)، انوراگ سنگھ(فرسٹ سیکریٹری کمرشل)، امر دیپ سنگھ بھٹی(ویزا اتاشی)، دھرمیندرا، وجے کمار ورما اور مادھون نندا کمار (ویزا اسسٹنٹس) جبکہ جیا بالن سینتھل (اسسٹنٹ پرسنل ویلفیئر آفس) تھے ۔پاکستانی دفتر خارجہ نے گزشتہ ہفتے پریس بریفنگ میں پاکستان میں موجود 8 بھارتی سفارتکاروں کی تفصیلات جاری کی تھیں اور کہا تھا کہ متعدد بھارتی سفارتکار اور عملے کے ارکان بھارتی خفیہ ایجنسی را اور آئی بی سے روابط رکھتے ہیں اور سفارتی اسائنمنٹ کی آڑ میں پاکستان میں دہشت گردوں سے رابطے اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ را اور آئی بی کے مبینہ ارکان مشتبہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دھڑوں کو استعمال کرنے، ملک میں فرقہ واریت پھیلانے اور بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں بے امنی پھیلانے کے میں مصروف تھے ۔ہندستانی وزارت خارجہ نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندستانی سفارت کاروں کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں اور ان کی کوئی غلطی نہ ہونے کے باوجود انہیں نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ان افسران کی شناخت ظاہر ہونے کے بعد ان کی حفاظت کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند نے انہیں خود ہی واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے پہلے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک افسر کو حال ہی میں ہندستان کے دفاع سے متعلق دستاویزات لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا اور پولیس نے جاسوسی کے گروہ کا پردہ فاش کیا تھا۔ اس افسر کو ہندستان کی حکومت نے فوری طور پر ملک چھوڑ کر چلے جانے کو کہا تھا۔