اے کے کھنڈیلوال
پچھلی دہائی میں اٹھائے گئے سوچے سمجھے اقدامات کی بنیاد پر حاصل کیے گئے اہم نتائج کی بدولت، ہندوستانی ریلوے پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہو گئی ہے۔ یہ خاص طور پر قابل ستائش ہے کیونکہ کوئی بھی ملک ہندوستان سے زیادہ لوگوں کو ریل کے ذریعے نقل و حمل نہیں کرتا ہے، ہندوستانی ریلوے 1 لاکھ کروڑ سے زیادہ مسافر کلومیٹر (پی کے ایم)طے کرتی ہے اور تقریباً 685 کروڑ مسافر سالانہ اس سے سفر کرتے ہیں۔ یہ کارنامہ بے مثال ہے، یہاں تک کہ ہمارا پڑوسی ملک چین بھی، جو اپنے زیادہ وسیع ریل نیٹ ورک اور بڑی آبادی ہونے کے باوجود تقریباً نصف مسافروں (تقریباً 300 کروڑ سالانہ) کی نقل و حمل کرتا ہے۔
حفاظت میں قابل ذکر بہتری کا ثبوت ریل حادثات کی تعداد میں زبردست گراوٹ سے ملتا ہے –اور یہ سنگین واقعات کی نشاندہی کرنے کا ایک اہم پیمانہ ہے – 01-2000 میں جہاں 473 بڑے ریل حادثات ہوئے تھے وہ 24-2023 میں گھٹ کر صرف 40 رہ گئے۔ یہ پیشرفت پٹریوں کو بہتر بنانے،کسی شخص کی تعیناتی کے بغیر والے لیول کراسنگ کو ختم کرنے، پلوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے اور اسٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کرنے کی کوششوں کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔
مسافروں کی تعداد اور اس میں شامل ٹریک کی لمبائی پر غور کرنے پر یہ کامیابیاں اور بھی متاثر کن ہو جاتی ہیں۔ ایک اوسط دن میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ 70,000 روٹ کلومیٹر (آر کے ایم) طویل نیٹ ورک پر سفر کرتے ہیں۔ یہ تعداد مصروف دنوں میں یومیہ 3 کروڑ تک پہنچ جاتی ہے، جو ایک اور عالمی ریکارڈ بناتا ہے!
اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ہندوستان ہر روز تقریباً 2فیصد اپنی آبادی کو ریلوے پر محفوظ طریقے سے نقل و حمل کرتا ہے، جبکہ چین میں یہ شرح صرف 0.58فیصد اور امریکہ میں 0.09فیصد ہے۔
ہندوستانی ریلوے کے لیے، مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ 24-2023 میں حفاظت سے متعلق پروجیکٹوں میں ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کا اس میں اہم کردار ہے ،اور موجودہ مالی سال میں اس سے بھی زیادہ اخراجات کے منصوبے ہیں۔ اس کے ذریعے ٹرینوں، پلوں، پٹریوں اور سگنلنگ سسٹم کی بہتر دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ ریل کی پٹری کے اوپر اور نیچے سے گزرنے والے پلوں کی تعمیر کے ذریعے پٹریوں کے قریب سڑک کی حفاظت کو مزید بہتر بنایا جائےگا۔
ریلوے کی حفاظت کی کارکردگی کا ایک اشاریہ جو دس لاکھ ٹرین کلومیٹر (اے پی ایم ٹی کے) میں حادثات کی تعداد سے ظاہر ہوتا ہے،01-2000 میں 0.65 سے کم ہو کر 24-2023 میں 0.03 رہ گیا۔ جدید ترین ٹریک کی دیکھ بھال اور جدید مشینیں، ٹریک کی خرابیوں کا پتہ لگانے میں بہتری، ریل ویلڈ کی ناکامیوں کو روکنا، اور انسانی غلطیوں کو کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سمیت متعدد اضافی اقدامات کی وجہ سے یہ ممکن ہو سکا ہے ۔ انڈین ریلویز نے ٹریک کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹریک مینٹےنینس مشینوں کی تعیناتی میں نمایاں اضافہ کیا ہے، اسے بڑھا کر 1,667 کر دیا ہے جو کہ 14-2013 تک صرف 700 تھا۔ مزید برآں، ریل گرائنڈنگ کو پورے نیٹ ورک پر لاگو کیا گیا ہے تاکہ اثاثوں میں بھروسے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
مزید برآں، شرپسندانہ سرگرمیوں کو روکنے اور توڑ پھوڑ سے محفوظ رکھنے، پٹریوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، اور پٹریوں پر ضرر رساں اشیاء رکھنے جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹریک پر مسلسل گشت کا آغاز کیا جاتا ہے، یہ سب کارکردگیاں ٹرین آپریشنز کے لیے سنگین حفاظتی عناصر کا باعث ہیں۔
ان نتائج کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کے لیے تکنیکی اور ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے تربیت کے اقدامات اپنائے گئے ہیں۔
اس اقدام کا ایک بنیادی قدم ماحولیاتی کثافت کے شکار علاقوں میں نیویگیٹ کرنے میں مدد کرنے کے لیے لوکو پائلٹس کے لیے جی پی ایس پر مبنی فوگ پاس ڈیوائسز کی تعداد میں اضافہ ہے۔ اب ان کی تعداد 21,742 ہے، جو کہ 15-2014 میں صرف 90 تھی۔ پائلٹ کی چوکسی کو بڑھانے کے لیے تمام لوکوموٹیوز میں ویجیلنس کنٹرول ڈیوائسز (وی سی ڈیز) بھی نصب کیے گئے ہیں، جو 14-2013 میں 10,000 سے بڑھ کر فی الحال 16,021ہو گئے ہیں۔ جدید سگنلنگ نظام، جیسے پینل انٹر لاکنگ، روٹ ریلے انٹر لاکنگ، اور الیکٹرانک انٹر لاکنگ براڈ گیج روٹس پر 6,637 اسٹیشنوں میں سے 6,575 اسٹیشنوں پر فراہم کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، لوکو پائلٹ اب ڈرائیونگ کی مہارتوں اور رد عمل کے اوقات کو بڑھانے کے لیے سمیلیٹر پر مبنی تربیت (فیلڈ تجربے کی نقل) سے گزرتے ہیں، جبکہ فرنٹ لائن عملہ آگ بجھانے اور آگ بجھانے کے آلات کے استعمال کی تربیت حاصل کرتا ہے۔ مجموعی طور پر، 24-2023 کے دوران ریلوے کے 6 لاکھ سے زیادہ ملازمین نے ابتدائی، پروموشنل، ریفریشر، اور اسپیشلائزڈ، دیگر کے علاوہ مختلف قسم کی تربیت حاصل کی۔
انسانی حفاظت کے علاوہ، ہندوستانی ریلوے 25-2024 میں پٹریوں کے ساتھ 6,433 کلومیٹر باڑھ لگا کر جنگلی جانوروں اور مویشیوں کے تحفظ کو بھی حل کر رہا ہے، جس میں اگست 2024 تک 1,396 کلومیٹر مکمل ہو چکا ہے، جس سے ان راستوں پر مویشیوں کے تصادم میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ان اقدامات کی تکمیل کے لیے، ایل ایچ بی کوچز میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جن میں تصادم کی برداشت کی اعلیٰ خصوصیات ہیں، جو پٹری سے اترنے اور مسافروں کے زخمی ہونے کے امکانات کو کم کرتی ہیں۔ تصادم میں ایک دوسرے پر چڑھنے سے بچنے کے لیے بنائے گئے یہ کوچز 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار میں بھی محفوظ رہنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ ان کی تیاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، 24-2023میں 4,977 ایل ایچ بی کوچز تیار کیے گئے، جو 14-2013 میں تیار کیے گئے 2,467 سے دگنے سے زیادہ ہیں۔
ہندوستانی ریلوے سفر کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہو گیا ہے۔
ریٹائرڈ ممبر انفرا ریلوے بورڈ، سابق سکریٹری، حکومت ہند