یو این آئی
نئی دہلی//سنگیت ناٹک اکادمی نے بدھ کو دہلی میں ہندوستانی رقص پر اپنا پہلا بین الاقوامی میلہ منعقد کیا، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی ثقافت میں رقص کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس فیسٹیول کیلئے ایک خصوصی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی اور رقص نوجوان نسل کو قوم کی روایات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے دارالحکومت میں چھ روزہ فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ یہ ہندوستانی رقص پر وزارت کا پہلا بین الاقوامی میلہ ہے، جس کا مقصد ہندوستانی رقص کے اسلوب کے تنوع اور خوبیوں کو اجاگر کرنا اور دریافت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کا مقصد فنون لطیفہ میں پائیدار کیریئر پر بحث کو فروغ دینا اور ہندوستانی رقص کیلئے ادارہ جاتی تعاون کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، اس طرح تعاون اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم تیار کرنا ہے۔سنگیت ناٹک اکیڈمی اور وزارت ثقافت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مودی نے کہا یہ ہمارے لیے ایک تاریخی لمحہ اور یادگار موقع ہے۔ مختلف ممالک کے فنکاروں کی شرکت سے ثقافتی تبادلے میں مدد ملتی ہے۔ موسیقی اور رقص ایسی زبانیں ہیں جو سرحدوں کو عبور کرتی ہیں اور ہر جگہ سمجھی جاتی ہیں۔ پرفارمنگ آرٹس کے لیے ابتدائی تحریریں ہندوستان میں بھرت مونی نے لکھی تھیں۔ اس وراثت کو آگے بڑھانا ایک فخر اور ذمہ داری دونوں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس طرح کے میلوں میں شامل کرنے سے انہیں اپنی جڑوں سے جڑے رہنے میں مدد ملتی ہے اور قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون کو تقویت ملتی ہے۔