سری نگر//ہندواڑہ کے ایک گاؤں میں ایک خاندان کے کم از کم گیارہ افراد کو زہریلی جنگلی جڑی بوٹی کھانے کے شبہ میں بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق شیرامہ ماوار میں ایک خاندان جس میں گیارہ افراد شامل ہیں، منگل کی شام ایک پڑوسی نے بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ ہنگامی صورتحال کا احساس ہونے پر، گاؤں والوں نے تمام اراکین کو پی ایچ سی قلم آباد منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے متاثرین کو ضلع ہسپتال ہندواڑہ لے جانے کا مشورہ دیا۔
ہسپتال میں ابتدائی تشخیص پر، ڈاکٹروں نے ان سب کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ان افراد کی شناخت عبدالعزیز ملہ، محمد اکبر ملہ، زونی بیگم، بشیر احمد ملہ، نصیر احمد ملہ، نصیر احمد ملہ، پرویز احمد ملہ کے علاوہ محمد اکبر ملہ کی تین بیٹیاں اور ایک لڑکا ہے، تینوں عبدالعزیز ملہ، محمد اکبر ملہ ،بشیر احمد ملہ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
ڈی ایچ ہندواڑہ کے ایک میڈیکل آفیسر نے جی این ایس کو بتایا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے جو جڑی بوٹیاں (جنگلی سبزیاں) کھائی تھیں وہ زہریلی تھیں۔