سرینگر/پولیس نے سنیچر کو جاری ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیابرآمد کرکے ضبط کی جبکہ اُن تین میں سے دو اشخاص کو بھی دھر لیا گیا جنہوں نے گرفت میں لئے گئے منشیات فروش کو چھڑانے کی خاطر پولیس پر خشت باری کی۔
بیان کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے بائی پاس کراسنگ ہندوارہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے برائون شوگر برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 173/2019کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس نے کہا مذکورہ منشیات فروش کو چھڑانے کی خاطر تین افراد نے پولیس پارٹی پر سنگباری کی تاہم پولیس ٹیم کی موثر حکمت عملی کے باعث ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ۔
بیان میں مزید کہا کہ پولیس نے دو حملہ آوروں کو موقع پر ہی گرفتار کیا جبکہ تیسرا جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ مفرور شخص کی شناخت جاوید احمد میر ساکنہ صدر گنڈ ہندوارہ کے بطور ہوئی ہے جسے پکڑنے کیلئے شدو مد سے کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے ایف آئی آر زیر نمبر 174/2019کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔