کپوارہ//ہندوارہ میں نا ظم امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے ایک نا قص غذا فراہم کرنے والے کارخانہ کو مقفل کیا اور تحصیل آفیسر کو معطل کیا گیا ۔ نا ظم امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نا صر احمد وانی نے پیر کو ہندوارہ کا دورہ کیا ۔ انہیں یہ شکایت ملی تھی کہ چوگل علاقہ کے وٹائن میں ایک فلور مل نا قص اور غیر معیاری آٹا و چوکر سپلائی کرتا ہے ۔انہوںنے فلور مل پر چھاپہ مارا جس کے دوران انہو ں نے آٹے اور چوکر کے نمونے حاصل کئے ۔امور صارفین کے ڈائریکٹر ناصر احمد وانی نے اس بات کی تصدیق کی کہ چھاپے کے دوران حاصل کئے گئے نمونوں سے یہ پتہ چلا کہ اس کارخانہ میں زائد المیاد کے ساتھ ساتھ ناقص اور غیر معیاری آٹا اور چوکر فرو خت کیاجاتا ہے جس کی وجہ سے انسانی جانوں کو بھی خطرہ لا حق ہے۔انہو ں نے کزمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ بارشو ں سے تباہ شدہ آٹے اور چوکر کو دوبارہ نئے سرے سے تیار کیا جاتا تھا جو غیر قانونی اور غلط طریقہ ہے ۔ڈائریکٹر مو صوف کا مزید کہنا تھا کہ انہو ں نے کارخانہ کو مقفل کیا اور تحصیل آ فیسر محکمہ امور صارفین کو اس بات پرتا حکم ثانی معطل کیا کہ انہو ں نے محکمہ کو کوئی اطلاع کیوںنہیں دی جبکہ پولیس اور انتظامیہ سے کہا گیا کہ وہ بازارو ں میںفروخت کئے جارہے آٹے اور چوکر پر پابندی لگادیں۔