سرینگر//پولیس اور فورسز نے ہندوارہ میں حرکت المجاہدین سے وابستہ دو جنگجوئوں کو گرفتار اور ان کی تحویل سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔پولیس ذرائع نے کے ا یم ا ین بتایا کہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ ، فوج کی21آر آر اور سی آر پی ایف92 سے وابستہ اہلکاروں نے ہندوارہ میں باکھی آکھر کراسنگ کے نزدیک ناکہ بٹھایا جس دوران 2 افراد کو مشتبہ حالت میں دیکھا گیا۔ذرائع کے مطابق جب انہیں رُکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے باکھی آکھر کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہاں عام کپڑوں میں ملبوس فورسز کی ایک اور پارٹی تعینات تھی جس میں شامل اہلکاروں نے دونوں کودبوچ کرحراست میں لیا۔پولیس نے گرفتار شدگان کے نام19سالہ یونس احمد میر عرف سرفراز ولد بشیر احمد ساکن سبدن گلوان پورہ بڈگام اور 21سالہ طاہر الاسلام عرف سجاد افغانی ولد بشیر احمد ساکن ملورہ توحید آباد شالہ ٹینگ سرینگر ظاہر کئے ہیں ۔ان کی تحویل سے چینی ساخت کے دو پستول ، دو گرینیڈ اور کچھ گولی بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے کشمیر میڈیا نیٹ ورک کوبتایا کہ گرفتارشدگان نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ حرکت المجاہدین نامی جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستہ ہیں اور حال ہی میں تنظیم میں شامل ہوئے ہیں۔ان کے خلاف کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔