کپوارہ+ہندوارہ//شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقہ میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان جھڑپ میں2جنگجو جاں بحق ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے فوج کے21آر آر اور ہندوارہ پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرباکی ہاکر واری پورہ ہندوارہ کے جنگلاتی علاقے کو محاصرہ میں لیا اور وہا ں چھپے بیٹھے جنگجوئو ں کی تلاش شروع کی ۔پولیس نے بتا یا کہ فوج کو پہلے ہی اطلاع تھی کہ علاقہ میں دو سے تین جنگجو چھپے بیٹھے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس نے جو ں ہی اتوار بعد دوپہر2بجے تلاشی کارروائی شروع کی تو مکانوں کی تلاشی کے دوران کسی بھی جنگجو کیساتھ رابطہ نہیں ہوسکا۔البتہ جب فوج کی ایک پارٹی نے بستی سے ملحقہ کھیتوں میں جنگجوئوں کو ڈھونڈنے کی کوشش کی تو بستی سے کچھ دور کھیتوں میںچھپے بیٹھے جنگجوئو ں نے فوج اور پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان زبردست تصادم آرائی شروع ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی۔پولیس کا کہنا ہے جھڑپ میں دو عدم شناخت جنگجوئو ں کو جا ں بحق کیا گیا جنکا تعلق لشکر طیبہ سے بتایا جاتا ہے اور وہ دونوں غیر ملکی بتائے جاتے ہیں ۔ایس پی ہندوارہ غلام جیلانی نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتا یا کہ پولیس اور فوج کو کئی روز قبل ہی ایک مصدقہ اطلاع تھی کہ علاقہ میںکچھ جنگجوکئی روز سے سر گرم ہیں جس کے بعد مصدقہ اطلاع ملنے پر آپریشن شروع کیا گیا جس میں دو جنگجوئوں کی ہلاکت ہوئی ۔