کپوارہ //قاضی آ باد ہندوارہ میں مسلح تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع ملنے کے بعد 30 ، 32 آر آر اور 9 پیرا ریجمنٹ نے اتوارعلی الصبح اننون قاضی آ باد ہندوارہ کا محاصرہ کیا اور وہاں چھپے جنگجوئوں کی تلاش شروع کی۔پولیس نے بتایا کہ انہیں علاقے میں تین سے چار جنگجو چھپے بیٹھنے کی اطلاع ملی تھی۔ تاہم فورسزنے جونہی تلاشی کارروائی شروع کی تو گائوں کے باہر بیٹھے جنگجوئوں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ جھڑپ میں ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیاجبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔پولیس کے مطابق فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ہے جو آخر ی اطلاعات ملنے تک جاری تھی۔ جاںبحق جنگجوکی خبر پھیلتے ہی کرالہ گنڈ علاقے میں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں اور گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔