سرینگر/شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جمعہ کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے دوران سی آر پی ایف کا ایک آفیسر اور ایک پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق طرفین کے مابین جب بابا گنڈ نامی گائوں میں فائرنگ رک گئی تو فورسز کی ایک پارٹی جونہی دو جاں بحق جنگجوئوں کی لاشیں اٹھانے کیلئے آگے بڑی تو ایک جنگجو ،جس کو مردہ سمجھا گیا تھا، اچانک اُٹھ کھڑا ہوا اور فورسز پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف آفیسر سمیت سات اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ آفیسر اور ایس او جی کا ایک اہلکار بعد میں دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کا علان جاری ہے۔ جی این ایس نے ہلاک شدہ سی آر پی ایف آفیسر کی شناخت پنٹو اور پولیس اہلکار کی شناخت ایس او جی ہندوارہ سے وابستہ نصیر احمد کے طور کی ہے۔
معرکہ کی جگہ پر تازہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ اس جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہوگئے۔
دریں اثناء معرکہ کی جگہ کے آس پاس مظاہرین نے فورسز پر سنگباری کی جس کے جواب میں فورسز نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آنسو گیس اور پیلٹ فائرنگ کا سہارا کیا۔
بلاک میڈیکل آفیسرلنگیٹ،ڈاکٹرنذیر احمد نے کہا کہ تین افراد پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جنہیں یونیسو کے ہیلتھ سینٹر میں پہنچایا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں دو کی آنکھوںمیں پیلٹ لگے ہیں جنہیں ہندوارہ منتقل کیا گیا ہے۔
آج صبح فورسزنے ضلع کپوارہ میں ،ہندوارہ تحصیل کے باباگنڈ نامی گائوں کا محاصرہ کرکے آپریشن شروع کیا تھا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔