کپوارہ//سرحدی حفاظتی فورس کے ہاتھو ں 28سال قبل 25 جنوری کو ہندوارہ قصبہ میں جا ں بحق ہوئے افراد کی برسی پر قصبہ میں مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں وہا ں سنا ٹا چھایا رہا ۔اس دوران ٹریڈرس فیڈریشن ہندوارہ نے ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا جسمیں اس سانحہ میں جا ں بحق ہوئے 17افراد کو خراج عقیدت پیش کیا ۔جمعہ کو قصبہ میں مشترکہ حریت قیادت اور ٹریڈرس فیڈریشن ہندوارہ کی کال پر مکمل ہڑتال رہی جس کے دوران قصبہ میں دکانیں بند رہیںاور تمام کارو باری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئیں ۔پورے قصبہ میں سناٹا چھایا رہا اور اس سانحہ میں جا ں بحق افراد کی برسی پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ہندوارہ ٹریڈس فیڈریشن کی جانب سے صدر اعجاز احمد صوفی کی قیادت میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا جسمیں شہدائے ہندوارہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بعد میں ایک جلوس کی صورت میں مزار شہدا ء ہندوارہ میں حاضری دی گئی اور مہلوکین کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی ۔ٹریڈرس فیڈریشن نے واقعہ کے خلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ قصور وارو ں کو سزا دی جائے ۔