عظمیٰ نیوز سروس
ہندواڑہ// غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے اور خطے میں امن و سلامتی یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کے تحت، ہندوارہ پولیس نے کالعدم حریت اور جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کی رہائش گاہوں پر تلاشی لی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق پولیس نے غلام حسن خان ولد حبیب اللہ خان ساکن میدان چوگل( حریت سے وابستہ ) کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی کی۔ عبد الا حد لون ولد عبد العزیز لون ساکن وہی پورہ( جماعت اسلامی )سے وابستہ کارکن کی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی گئی۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ “یہ تلاشیاں جاری تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر کی گئیں تاکہ لوگوں کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا پتہ لگایا جا سکے جس سے امن و امان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے”۔بیان میں کہا گیا”ہندواڑہ پولیس امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔ پولیس ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی فرد یا تنظیم کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھے گی،” ۔
ادھرپولیس نے اننت ناگ کے متعدد مقامات پر ممنوعہ تنظیموں سے منسلک افراد کی تلاشی لی۔علیحدگی پسند نیٹ ورک کو ختم کرنے اور عوامی امن کو برقرار رکھنے کی اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، اننت ناگ پولیس نے بدھ کو ضلع بھر میں متعدد مقامات پر مربوط تلاشی کارروائیاں کیں۔غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ UAPA کے تحت درج ایف آئی آر کے سلسلے میں حریت اور جماعت اسلامی وغیرہ سمیت کالعدم تنظیموں سے روابط کا شبہ رکھنے والے افراد کی رہائش گاہوں پر تلاشی لی گئی۔آپریشن کے دوران مختلف تھانوں کی حدود میں آنے والے مختلف مقامات پر کالعدم تنظیموں سے متعلق اشتعال انگیز مواد کیلئے تلاشی لی گئی جن میں سے کچھ کو موقع پر ہی برآمد کرکے قبضے میں لیا گیا۔ مکمل شفافیت اور قانونی تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے مکمل عمل آزاد گواہوں کی موجودگی میں کیا گیا۔یہ تلاشیاں علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں کی حمایت کرنے والے ماحولیاتی نظام کو بے نقاب اور ختم کرنے کے لیے جاری تحقیقات کا حصہ ہیں۔ادھرہیگام سوپور میں پولیس کارروائی کے دوران اتحاد المسلمین کارکن کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔پولیس کے مطابق ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ عناصر کے خلاف جاری کارروائی میں سوپور پولیس نے بدھ کو سید یوسف شاہ ولد سید نجف شاہ ساکن ہیگام سوپور کی رہائش گاہ پر تلاشی کی کارروائی کی جس میں غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ UAPA کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں انہیں گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 33/2025 کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر کی گئی تھی، جو اتحاد المسلمین سے منسلک سرگرمیوں سے متعلق تھی۔پولیس حکام نے تصدیق کی کہ تلاشی مجاز عدالت سے مناسب قانونی اجازت کے بعد کی گئی۔ چھاپے کے دوران، پولیس ٹیم نے ممنوعہ تنظیم سے متعلق لٹریچر اور تصاویر سمیت اشتعال انگیز مواد برآمد کیا، جسے تفصیلی جانچ اور مزید تفتیش کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔