کاؤنٹن (ملیشیا)، 23 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف پاکستان کو چوتھی مرد ایشیائی چمپئنز ٹرافی میں اتوار کو 3۔2 سے ہرا دیا۔ہندستان کی تین میچوں میں یہ دوسری جیت ہے اور وہ سات پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سرفہرست پہنچ گئی ہے ۔ہندستان نے اپنے پہلے میچ میں جاپان کو 10۔2 سے ہرایا تھا اور پھر کوریا کے ساتھ 1۔1 کا ڈرا کھیلا تھا۔پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں میزبان ملیشیا سے 2۔4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس نے پھر کوریا کو 1۔0 سے شکست دی لیکن ہندستان کے سامنے پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان اس ھائي وولٹیج مقابلے میں جس دلچسپ جدوجہد کی امید تھی وہ بھرپور دیکھنے کو ملی ۔ پردیپ مور نے 22 ویں منٹ میں نزدیک سے گول کر کے ہندستان کو برتری دلائی۔محمد رضوان سینئر نے 31 ویں منٹ میں میدانی گول سے پاکستان کو برابری دلا دی ۔محمد عرفان جونیئر نے 39 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو 2۔1 سے آگے کر دیا۔ڈریگ فلکر رپندر پال سنگھ نے 39 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ہندستان کو 2۔2 کی برابری دلا دی ۔رمندیپ نے 44 ویں منٹ میں ایک جوابی حملے پر بہترین فننش دکھاتے ہوئے ہندوستان کے لئے میچ فاتح گول داغ دیا۔ہندستان نے اپنی 3۔2 کی برتری کو آخری کوارٹر تک برقرار رکھا۔ہندستانی کھلاڑی پاکستان پر 3۔2 کی فتح ملنے کے ساتھ ہی خوشی سے جھوم اٹھے ۔کھلاڑیوں اور کوچ رولنٹ اولٹمنس نے ایک دوسرے کو اس جیت کی مبارک باد دی۔یو این آئی۔