ویسٹ وینکوور//ہندستانی سینئر خاتون ٹیم نے اپنی ناقابل یقین کارکردگی کی بدولت ہاکی ورلڈ لیگ راؤنڈ دو کے دلچسپ فائنل مقابلے میں چلی کو پنالٹی میں 3۔1 سے شکست دے کر نہ صرف جیت اپنے نام کی بلکہ ورلڈ لیگ سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے ۔ہندستان اور چلی کے درمیان مقابلہ مقررہ وقت میں 1۔1 سے برابر رہا جس کے بعد فاتح کا فیصلہ شوٹ آؤٹ میں کیا گیا اور ٹورنامنٹ میں اپنی فتوحات کو مسلسل آگے بڑھاتے ہوئے ہندستانی خواتین نے 3۔1 سے جیت اپنے نام کر لی۔ٹورنامنٹ میں ہندستان کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سویتا کو بہترین گول کیپر کا خطاب دیا گیا۔اس جیت کی بدولت عالمی رینکنگ میں 11 ویں نمبر کی ٹیم ہندستان نے اور 19 ویں رینکنگ کی ٹیم چلی نے جنوبی افریقہ یا بیلجیم میں ہونے والے ورلڈ لیگ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور ان کے پاس اب 2018 میں لندن میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کا موقع رہے گا۔دلچسپ فائنل میں سویتا نے شوٹ آؤٹ میں حیرت انگیز کردار ادا کیا اور چلی کی کم جیکب اور جوزف ولالابشیا کی کوششوں کو ناکام کیا جس کی بدولت بالآخر ہندستان ورلڈ لیگ کا راؤنڈ ٹو جیتنے میں کامیاب رہا۔ہندستان کی جانب سے شوٹ آؤٹ میں کپتان رانی اور مونیکا نے پنالٹی پر ایک کے بعد ایک گول کئے اور ہندستان کو 2۔0 سے برتری دلائی۔چلی کے لئے واحد گول کیرولینا گارسیا ہی کر سکیں جنہوں نے تیسری کوشش میں جاکر پنالٹی پر گول داغا۔لیکن پھر دیپکا نے ہندستان کے لیے تیسرا گول کر 3۔1 سے شوٹ آؤٹ میں جیت دلا دی۔اس سے پہلے میچ میں ہندستان کو چلی کے ہاتھوں پانچویں ہی منٹ میں گول کھانا پڑا جب ماریا مالڈوناڈو نے گول کر اپنی ٹیم کو 1۔0 کی ابتدائی برتری دلا دی۔اگرچہ ہندستان نے پھر 22 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن چلی گول کیپر کلڈیا شولر نے اس کا دفاع کر لیا۔چلی نے تیسرے کوارٹر میں بھی دبدبہ قائم رکھا لیکن انوپا بارلا نے پنالٹی کارنر پر کامیاب گول کر کے 41 ویں منٹ میں ہندستان کو 1۔1 سے برابری دلادی۔میچ کا چوتھا کوارٹر دونوں ہی ٹیموں کے لیے کافی اہم رہا جو برتری کے لئے کوشش کرتی رہیں۔ ہندوستانی کپتان رانی نے آخری وقت میں میدانی گول کی اچھی کوشش کی لیکن کلاڈیا نے ان کے مضبوط بیک ہینڈ سے کی گئی کوشش کو ناکام کر دیا جس سے دونوں ٹیموں کا اسکور مقررہ وقت میں 1۔1 سے برابر رہا اور شوٹ آؤٹ کرانا پڑا جس کے بعد ہندستان کو کامیابی حاصل ہوئی۔رانی نے فائنل میں فتح کے بعد کہا کہ یہ بہت ہی اچھا میچ تھا اور ہم نے جس طرح سے کھیلا وہ اور بھی تسلی بخش رہا۔چلی کے خلاف کھیلنا آسان نہیں تھا لیکن ہم نے خود کا حوصلہ بلند رکھا اور گول کرنے کے لیے کوشش کرتے رہے ۔ہمارے لیے یہ ایک مشکل ٹورنامنٹ رہا اور یہاں کا موسم بھی بارش کا تھا۔لیکن ہم ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں جگہ بنا کر بہت خوش ہیں۔ٹورنامنٹ میں پانچویں سے چھٹے نمبر کے لئے کینیڈا اور میکسیکو میں مقابلہ ہوا۔