ہندستان میں انگلینڈ کے مسلم کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
نئی دہلی//انگلینڈ کے سلامتی مشیر ریگ ڈکسن نے میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہندستان کے دورے میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مسلم کھلاڑیوں معین علی اور عادل رشید کی حفاظت کو لے کر کوئی خطرہ نہیں ہے ۔میڈیا میں کچھ خبروں میں دعوی کیا گیا تھا کہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نو نومبر سے شروع ہو رہی ہندستان انگلینڈ سیریز میں امپائرنگ نہیں کریں گے کیونکہ انہیں ہندستان میں سیکورٹی کا خطرہ ہے ۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ریگ نے مہمان ٹیم کے مسلم کھلاڑیوں کی سیکورٹی کو ممکنہ خطرے کی خبروں کی تردید کی ہے ۔اس درمیان بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ڈار کو انگلینڈ اور ہندستان سیریز کے لیے کنٹریکٹ کیا ہی نہیں گیا تھا تو ایسے میں ان کاسیکورٹی وجوہات سے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔لیکن گذشتہ سال ہندستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہندستان کی میزبانی میں ہو رہی ون ڈے سیریز سے سیکورٹی وجوہات سے ہٹنے کا ان کا فیصلہ عملی تھا۔انگلینڈ کی ٹیم حال ہی میں بنگلہ دیش کے دورے سے ہندستان پہنچی ہے جہاں ٹیم کو اعلی سطحی سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔دراصل بنگلہ دیش میں اسی سال دہشت گرد حملے میں غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد انگلینڈ نے کھلاڑیوں کی حفاظت کی فکر ظاہر کی تھی۔لیکن ڈکسن نے صاف کیا ہے کہ بنگلہ دیش اور ہندستان میں سیکورٹی حالات بالکل مختلف ہیں۔سلامتی کے مشیر نے ساتھ ہی بتایا کہ معین یا راشد نے ہندوستان دورے پر آنے سے پہلے بھی کسی طرح سے تحفظ کو لے کر تشویش کا اظہار نہیں کیا تھا۔تاہم سال 2014 میں انگلینڈ کے پچھلے دورے میں ہند نژاد کچھ انگلش شائقین نے معین کے ساتھ نازیبا سلوک کیا تھا۔ڈکسن نے کہا کہ ہمیں فی الحال کسی طرح کا خوف نہیں ہے لیکن ہم علیم ڈار کے ساتھ ہوئے معاملے سے آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ڈار نے اس وقت نام واپس لے لیا تھا جبکہ آئی سی سی کہہ رہا ہے کہ ان کے دیگر ٹورنامنٹ کیلئے رکھا گیا تھا۔لیکن ہمیں معلوم ہے کہ شیو سینا کو ڈار سے کچھ مسئلہ تھا اور وہ اس کی وجہ سے بی سی سی آئی کے آفس تک پہنچ گئے تھے ۔ہم اس پورے معاملے سے اچھی طرح واقف ہیں۔لیکن ہمیں انگلش کھلاڑیوں کو لے کر فی الحال کوئی فکر نہیں ہے ۔ڈکسن نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر عادل سے بات کی تھی اور انگلش کھلاڑی کو فی الحال کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عادل اور معین کو کسی طرح کا شک نہیں ہے ۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے ڈار کو ہندستان اور سری لنکا کے درمیان ہوئی سیریز کے آخری دو ون ڈے میچوں سے بھی ہٹا دیا تھا اور اس کے لئے ممبئی میں واقع ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے دفتر میں کچھ مظاہرین کے جبری گھسنے کا واقعہ کا حوالہ دیا تھا۔سیکورٹی وجوہات کے سبب سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم اور شعیب اختر بھی ممبئی میں ہونے والے ون ڈے سے ہٹ گئے تھے ۔انگلینڈ کے سلامتی کے مشیر نے اگرچہ ہندستان میں سیکورٹی کو لے کر کئے گئے اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی طرح کی ہنگامی صورت حال پیدا بھی ہوتی ہے تو اس کے لیے جس طرح کی منصوبہ بندی کی گئی ہے وہ موزوں ہے ۔(یو این آئی)
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *