نئی دہلی، 11 اپریل (یو این آئی ) ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان حال ہی میں ختم ہوئی ھائي وولٹیج اور تنازعات سے بھرپور رہی ٹیسٹ سیریز نے شائقین کی تعداد کے معاملے میں گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔نشریات سے متعلق ریسرچ کونسل (بارک) کے مطابق ہندستان آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے رکارڈ تعداد میں شائقین نے ٹی وی پر دیکھا۔اس کے علاوہ ہندستان انگلینڈ ون ڈے سیریز کو گزشتہ پانچ سالوں میں سب سے زیادہ درجہ بندی دی گئی ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان ہوئی ٹیسٹ سیریز کو اسٹار اسپورٹس پر تقریبا 17.4 کروڑ لوگوں نے دیکھا۔ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ہندستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز 2۔1 سے جیتی ۔ہندستان نے اسی کے ساتھ اپنے گزشتہ 13 میچوں میں 10 میں جیت درج کی تھی۔اسٹار انڈیا کے ایک ترجمان نے کہاکہ ہندستانی ٹیم نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے سرفہرست مقام برقرار رکھا ہے ۔اس نے حال ہی میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کو شکست دی ہے ۔ہندستانی ٹیم نے ٹیسٹ کے علاوہ ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میں بھی بہترین کھیل جاری رکھا ہے جس کی وجہ سے شائقین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہندستانی ٹیم کا اگلا ہدف جون میں انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے اور شائقین کو اپنی ٹیم سے بہت سی توقعات ہیں۔چیمپئنز ٹرافی میں ہندستان اپنی مہم کی شروعات چار جون کو پاکستان کے خلاف کرے گا۔ (یو این آئی)